متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے دونوں دھڑوں نے سینیٹ انتخاب میں پارٹی اُمیدواروں کے معاملے پر اختلافات ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے مشترکہ امیدواروں کے ناموں پر اتفاق کرلیا ہے۔
ایم کیو ایم کے کنوینر فاروق ستار اور مخالف دھڑے کے قیادت کرنے والے رہنما خالد مقبول صدیقی نے جمعے کو اسلام آباد میں ایک ہنگامی نیوز کانفرنس میں اعلان کیا کہ سینیٹ انتخابات میں متفقہ امیدوار لانے پر دونوں دھڑوں میں اتفاقِ رائے ہو گیا ہے۔
بقول فاروق ستار، "جب ہم نے یہ مرحلہ طے پر کر لیا ہے تو مجھے یقین ہے کہ کل کے بعد بھی ہمارا رابطہ رہے گا اور ہم باہمی اختلافات کو دور کرنے کا آئندہ مرحلہ بھی طے کر لیں گے۔"
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پارٹی کے رہنماؤں کے مابین اختلافات کے بعد متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے پارٹی کنوینر اور سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کو عہدے سے ہٹانے کا اعلان کر دیا تھا جس کے ردِ عمل میں فاروق ستار نے رابطہ کمیٹی تحلیل کردی تھی۔
دونوں دھڑوں کے درمیان اختلافات اُس وقت سامنے آئے تھے جب ڈاکٹر فاروق ستار کی جانب سے کامران ٹیسوری کو پارٹی کی طرف سے سینیٹ انتخابات کے لیے امیدوار نامزد کیا گیا تھا جس کی رابطہ کمیٹی نے مخالفت کی تھی۔
تاہم جمعے کو نیوز کانفرنس میں دونوں رہنماؤں نے اعلان کیا کہ سندھ سے سینیٹ کی جنرل نشست پر فاروق ستار کی طرف سے کامران ٹیسوری ہی اُمیدوار ہوں گے جب کہ خالد مقبول صدیقی اور اُن کے ساتھیوں کی طرف سے بیرسٹر فروغ نسیم اُمیدوار ہوں گے۔
دونوں رہنماؤں نے خواتین، ٹیکنوکریٹس اور اقلیتی نشستوں پر بھی متفقہ امیدواروں کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دونوں گروپوں کے ارکانِ اسمبلی ان امیدواروں کو کامیاب کرانے کے لیے ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔