رسائی کے لنکس

کیا اب ’مکا چوک‘ کی باری ہے؟


’’جتنا اسلحہ ملا، وہ 10 فیصد ہے، 90 فیصد اسلحہ باقی ہے، جسے برآمد کیا جائے گا۔ یہ اسلحہ پانچ سال پہلے رکھا گیا ہے۔ جو بھی ملوث ہوگا اسے سزا ملے گی:‘ منظور وسان

متحدہ قومی موومنٹ کے مضبوط گڑھ، عزیز آباد میں ایک مکان سے کراچی کی تاریخ میں اسلحے کی سب سے بڑی کھیپ کی برآمدگی کے سندھ کے صوبائی وزیر منظور وسان نے کہا ہے کہ ’’عزیز آباد میں دو کلومیٹر دائرے میں مزید اسلحہ مدفن ہو سکتا ہے اور ممکن ہے مکا چوک کے نیچے بھی اسلحہ دفن ہو۔‘‘

منظور وسان نے اس واقعے کو کراچی کے خلاف سازش قرار دیا اور کہا کہ ’’جتنا اسلحہ ملا وہ 10 فیصد ہے، 90 فیصد اسلحہ باقی ہے؛ جسے برآمد کیا جائے گا۔ یہ اسلحہ پانچ سال پہلے رکھا گیا ہے۔ جو بھی ملوث ہوگا اسے سزا ملے گی۔‘

منظور وسان کے بعد سیاسی حلقوں میں یہ بحث چھڑ گئی ہے کہ شہر میں سرکاری اراضی پر غیر قانونی طور پر تعمیر ایم کیو ایم کے دفاتر کو جس طرح گرایا گیا ہے کیا صوبائی وزیر کے بیان کی روشنی میں اب اسلحہ کی تلاش کیلئے متحدہ کی سیاسی قوت کی علامت سمجھے جانے والے ’مکا چوک‘ کو بھی منہدم کر دیا جائے گا؟

تقریباً دو ماہ پہلے یعنی 22 اگست کو ایم کیو ایم کے بانی رہنما الطاف حسین کی اشتعال انگیز تقریر کے بعد متحدہ کے مرکز نائن زیرو کو سیل کردیا گیا تھا؛ اور بعد میں مرکزی دفتر کے قریب واقع مکا چوک کا نام بھی تبدیل کرکے ’شہید ملت لیاقت علی خان چوک‘ رکھ دیا گیا تھا۔

مکا چوک1991ء میں تعمیر کیا گیا تھا، جبکہ 14 اگست 2009ء کو سابق سٹی ناظم مصطفیٰ کمال کے دور میں اس کی تزئین و آرائش کی گئی تھی۔
دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) نے اسلحے سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہےجبکہ ایم کیو ایم لندن نے اسے’’بھونڈا مذاق قرار دیا ہے۔ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری کا کہنا ہے کہ ’’عزیز آباد سے برآمد ہونے والے اسلحے سے ایم کیو ایم پاکستان کا کوئی تعلق نہیں‘‘۔

ادھر ایم کیو ایم لندن کے رہنما ندیم نصرت نے اسلحہ برآمد کرنے کے دعوے اور اسے ایم کیو ایم سے جوڑنے کو سراسر ’’ڈرامہ‘‘ اور ’’بھونڈا مذاق‘‘ قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے خلاف ایسی سازشوں کا سلسلہ ترک کیا جائے۔

اسلحہ سے متعلق نئے انکشافات
عزیزآباد سے اسلحے کی برآمدگی کے ایک روز بعد یعنی جمعرات کو اس سے متعلق نئے انکشافات بھی سامنے آگئے ہیں، جن میں بتایا گیا ہے کہ ’’جس واٹر ٹینک سے اسلحہ اور گولہ بارود ملا ہے وہ خصوصی طور پر اسی مقصد کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا، جبکہ ٹینک میں دونوں اطراف ہوا کے گزز کیلئے راستے بھی بنائے گئے تھے۔‘‘

XS
SM
MD
LG