رسائی کے لنکس

پرتگال: جنگل میں آتشزدگی سے کم از کم 57 افراد ہلاک


پرتگال میں جنگل میں لگنے والی آگ خطرناک صورتحال اختیار کر گئی ہے اور اس سے مرنے والوں کی تعداد 57 ہو گئی جب کہ 50 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ پیدروگاو گرانڈے کے علاقے میں لگنے والی اس آگ کو بجھانے کے لیے سیکڑوں کارکنان مصروف ہیں جب کہ اسپین کے امدادی کارکان بھی معاونت فراہم کر رہے ہیں۔

وزیراعظم انتونیو کوسٹا کا کہنا تھا کہ "بدقسمتی سے جنگلاتی آگ کے حوالے سے یہ بظاہر حالیہ برسوں میں سب سے بڑا سانحہ ہے۔" ان کے بقول ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

داخلہ کے وزیر مملکت جارج گومز کا کہنا ہے کہ آگ کے شعلے بہت تیزی سے تباہی مچا رہے ہیں۔

حکام کے مطابق زیادہ تر ہلاکتیں ان افراد کی ہوئیں جو اپنی گاڑیوں میں متاثرہ علاقے سے نقل مکانی کر رہے تھے کہ دھوئیں کے باعث دم گھٹنے کی وجہ سے موت کا شکار ہوئے۔

کم از کم 16 افراد اس وقت ہلاک ہوئے جب ان کی گاڑیاں آگ کی زد میں آئیں اور وہ ان میں سے باہر نکلنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔

پرتگال کو ہفتہ کو شدید گرم لہر کا سامنا کرنا پڑا اور یہاں درجہ حرارت 40 درجے سینیٹی گریڈ سے بھی تجاوز کر گیا۔

حکام کے بقول رات گئے ملک کے مختلف جنگلوں میں 60 مقامات پر آگ بھڑی اٹھی جنہیں بجھانے کے لیے 1700 کے لگ بھگ کارکنان حصہ لے رہے ہیں۔

وزیراعظم کوسٹا کا کہنا تھا کہ تیز گرم ہواوں کی وجہ سے آگ مزید تیزی سے پھیلی اور متعدد متاثرہ دیہاتوں سے لوگوں کی نقل مکانی میں معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔

XS
SM
MD
LG