رسائی کے لنکس

ایڈز کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 32 ہزار سے تجاوز کر گئی


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سروے کے مطابق آبادی کے لحاظ سے ملک کے گنجان آباد صوبے پنجاب میں اس مرض کے سب سے زیادہ مریض ہیں اور ان کی تعداد 60 ہزار کے قریب ہے۔

پاکستان میں حال ہی میں سرکاری طور پر کیے جانے والے ایک سروے کے مطابق ملک میں موذی مرض ایڈز سے متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 32 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔

ایڈز پر قابو پانے کے قومی ادارے "نیشنل ایڈز کنٹرول پروگرام" نے بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مل کر یہ سروے کیا تھا جس کے مطابق اس مرض میں مبتلا افراد کی تعداد میں گزشتہ سال کی نسبت 39 ہزار کا اضافہ ہوا ہے۔

ان اعداد و شمار کو جمع کرنے کے لیے لگ بھگ 60 ٹیموں نے ملک بھر کے 20 شہروں سے معلومات جمع کیں۔

سروے کے مطابق آبادی کے لحاظ سے ملک کے گنجان آباد صوبے پنجاب میں اس مرض کے سب سے زیادہ مریض ہیں اور ان کی تعداد 60 ہزار کے قریب ہے۔ صوبۂ سندھ میں ایڈز کے 52 ہزار، خیبر پختونخوا میں 11 ہزار جب کہ بلوچستان میں تین ہزار کیسز رپورٹ ہوئے۔

نیشنل ایڈز کنٹرول پروگرام کی ویب سائٹ کے مطابق اس وقت صرف 20 ہزار 322 مریض رجسٹرڈ ہیں اور ان میں سے 9904 زیرِ علاج ہیں۔

ایڈز کنٹرول پروگرام کے مینیجر ڈاکٹر بصیر اچکزئی نے حال ہی میں وائس آف امریکہ کو بتایا تھا کہ آگاہی مہم اور علاج معالجے کے مراکز کے باوجود اب بھی معاشرے میں اس مرض سے متعلق پائے جانے والی منفی رجحانات کی وجہ سے ایڈز سے متاثرہ افراد اپنی بیماری کو چھپاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مرض کو پوشیدہ رکھنے والے ایسے افراد نہ صرف اپنے بلکہ دیگر لوگوں کے لیے بھی خطرے کا باعث ہیں۔

XS
SM
MD
LG