رسائی کے لنکس

پاکستانی فنکاروں کی فلمیں آرمینیا میں دکھائی جائیں گی


بالی وڈ کی فلموں ’مام‘ اور ’ہندی میڈیم‘ میں پاکستانی آرٹسٹوں نے کام کیا اور خوب داد سمیٹی ۔۔ اور انہی سے جڑی ایک اچھی خبر یہ ہے کہ یہ دونوں فلمیں آرمینیا فلم فیسٹول میں بھی دکھائی جائیں گی۔

انڈو ایشین نیوز ایجنسی کے مطابق پاکستانی اداکار عدنان صدیقی اور اداکارہ سجل علی کی پہلی بالی وڈ فلم جس میں سری دیوی نے مرکزی کردارنبھایا آرمینیا کے شہر ’یروین‘ میں بھارتی فلموں کے سالانہ میلے میں نمائش کے لئے پیش کی جائے گی۔

پاکستانی اداکارہ صبا قمرکی عرفان خان کے ساتھ بننے والی فلم ’ہندی میڈیم ‘ بھی انڈین فلم فیسٹول کا حصہ ہوگی۔

دونوں فلموں کے میکرز نے اس سلسلے میں جاری بیان میں کہا ہےکہ فلم فیسٹول کا اہتمام بھارتی سفارتخانہ ہر سال کرتا ہے جس میں سال بھر کی مقبول اور ایوارڈ یافتہ فلموں کی نمائش کی جاتی ہے۔ یہ فلمیں آرمینیا کے ماسکو سینما میں دکھائی جائیں گی۔

ہرسال کی طرح اس سال بھی سفارتخانے کو بہت سی فلموں کے نام موصول ہوئے جن میں سے ’مام ‘ اور’ہندی میڈیم‘ کو نمائش کے لئے منتخب کیا گیا۔

بونی کپور کی فلم ’مام‘ کی کہانی ایسی ماں کے گرد گھومتی ہے جو اپنی سوتیلی بیٹی سے زیادتی کرنے والوں سے انتقام لیتی ہے۔ فلم میں ٹائیٹل رول سری دیوی نے ادا کیا ہے۔

سری دیوی کے شوہر اور فلم میکر بونی کپورکا کہنا ہے’ فلم کی کہانی ایسی ہے کہ دنیا کے ہرحصے میں رہنے والےخود کو اس سے جڑتا محسوس کرتے ہیں۔ روس میں فلم کی پذیرائی کے بعد اب آرمینیا میں فلم کی نمائش پرخوشی ہے۔

فلم’ مام‘ برطانیہ ،امریکا، روس، پولینڈ، چیک ری پبلک، کینیڈا، آسٹریلیا ،نیوزی لینڈ اور سنگاپور میں بھی ریلیز کی گئی تھی۔

XS
SM
MD
LG