رسائی کے لنکس

بلوچستان: سات لاپتا افراد اپنے گھروں کو پہنچ گئے


 جبری لاپتا افراد کی بازیابی کے لیے متاثرہ خاندانوں کا کوئٹہ میں مظاہرہ۔ 10 دسمبر 2018
جبری لاپتا افراد کی بازیابی کے لیے متاثرہ خاندانوں کا کوئٹہ میں مظاہرہ۔ 10 دسمبر 2018

بلوچستان کے مختلف اضلاع سے جبر ی طور پر لاپتا کئے گئے افراد کی واپسی جاری ہے اور جمعرات تک مزید سات لاپتا افراد اپنے گھروں کو واپس پہنچ چکے ہیں۔

کوئٹہ میں صوبائی وزارات داخلہ کے ذرائع نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ لاپتا افراد کی اپنے گھروں کو واپسی کا عمل جار ی ہے جو صوبے بھر کے عوام کے لئے خوشی کی بات ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اپنے گھروں کو واپس پہنچنے والے نوجوانوں کی خبریں سُن کر اب وہ لوگ بھی لاپتا افراد کی رپورٹ درج کرنے آ رہے ہیں جو اس سے قبل کبھی بھی کمیشن کے پاس اپنی شکایت لے کر نہیں گئے تھے۔

ذرائع کے مطابق 21 سے 26 جنوری کے کمیشن کے اجلاس کے بعد اب مزید 30 نئے کیسز درج کرائے گئے ہیں۔ یہ وہ افراد ہیں جو کئی سال پہلے لاپتا ہو گئے تھے لیکن اُن کے لواحقین نے اب رابطہ کیا ہے۔

لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق کمیشن کا اگلا اجلاس اپریل کے پہلے ہفتے میں کوئٹہ میں ہو گا جس میں کمیشن کے پاس درج نئی اور پرانی شکایات کا جائزہ لیا جائےگا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کہنا ہے کہ لاپتا افراد کی بازیابی کے لئے صوبائی میں شامل تمام جماعتیں مل کر کام کر رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اس مسئلے کے حل کے لئے پورے خلوص کے ساتھی کام کر ے گی۔ اس سلسلے میں بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی نے بھی اپنا کر دار ادا کیا ہے اور سب سٹیک ہولڈرز نے رابطے کر کے اس مسئلے پر خلوص کے ساتھ کام کیا جس کی وجہ سے انہوں نے اپنا دس سال پرانا کیمپ ختم کر دیا ہے۔

اگست 2006 میں بلوچستان کے سابق وزیر اعلیٰ نواب اکبر خان بگٹی کے قتل کے بعد صوبے کے مختلف علاقوں میں سیکورٹی اداروں کے اہل کاروں اور قومی تنصیبات پر حملوں کے بعد جبری گمشدگی کا مسئلہ پیدا ہوا تھا۔

2009 میں وفاقی حکومت نے لاپتا افراد کی بازیابی کے لئے کمیشن قائم کیا تھا۔ کمیشن کے اب تک 18 اجلاس ہو چکے ہیں اور ان کے پاس 440 کیس رجسٹرڈ ہیں۔

ذرائع کے مطابق کمیشن کی کوششوں سے گزشتہ دس برسوں میں 165 افراد اپنے گھروں میں واپس آ چکے ہیں۔ 30 کی لاشیں ملی ہیں، جبکہ 122 افراد کے کیسز قابل اعتماد اور ٹھوس ثبوت نہ ہونے کی بنا پر کمیشن نے اپنی فہرست سے نکال دیے ہیں اور 23 التواء میں رکھے گئے ہیں۔

بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل گروپ کا دعویٰ ہے کہ وفاق میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے قیام کے بعد اب تک 347 جبری لاپتا افراد اپنے گھروں کو لوٹ چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG