یمن سے اسرائیل پر میزائل حملہ
وسطی اسرائیل پریمن سے ایک میزائل فائر کیا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج کے بیان کے مطابق یمن سے فائر کیا گیا میزائل زمین سے زمین پر مار کرنے کی صلاحیت رکھتا تھا۔
میزائل کے اسرائیلی حدود میں داخل ہوتے ہی فضائی حملے کے سائرن بجنا شروع ہوگئے جس کے بعد مقامی آبادی شیلٹرز میں منتقل ہوگئی۔
حزب اللہ نے لبنان سے 135 راکٹ فائر کیے: اسرائیلی فوج
اسرائیل کی فوج نے کہا ہے کہ لبنانی عسکری تنظیم حزب اللہ نے پیر کو اسرائیل پر 135 راکٹ فائر کیے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ حزب اللہ نے لبنان سے مقامی وقت کے مطابق پانچ بجے 135 راکٹس کیے جو اسرائیلی حدود میں داخل ہوئے۔
یہ حملے شمالی اسرائیل میں کیے گئے جس کے باعث مسلسل سائرن بجتے رہے۔
حزب اللہ کا راکٹ حملہ سات اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر کیے گئے حملے کو ایک سال مکمل ہونے پر کیے گئے ہیں۔
اسرائیل نے بیروت ایئرپورٹ کے قریب حملے کیے ہیں: لبنانی حکام
لبنان کے سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے پیر کو بیروت میں ملک کے واحد ایئرپورٹ کے قریب حملے کیے ہیں۔
اس سے قبل لبنان کے سرکاری خبر رساں ادارے نے بتایا تھا کہ اسرائیل نے صور ڈسٹرکٹ کے 30 قصبوں اور دیہات پر حملے کیے ہیں۔
یہ حملے جنوبی لبنان میں جاری کارروائیوں کے بعد کیے گئے ہیں۔
حزب اللہ کے ممکنہ سربراہ صفی الدین کی ہلاکت کی تصدیق نہیں کرسکتے: اسرائیل
اسرائیل نے کہا ہے کہ حزب اللہ کے ممکنہ سربراہ ہاشم صفی الدین کے ہلاک ہونے کی تصدیق نہیں کرسکتے۔
حکومتی ترجمان ڈیوڈ مینسر سے ایک آن لائن بریفنگ میں ہاشم صفی الدین کی ہلاکت سے متعلق سوال پوچھا گیا تھا۔
ترجمان نے جواب دیا کہ ہم اس کی تصدیق نہیں کرسکتے اور جیسے ہی اسرائیل کی فوج کو اس بارے میں کوئی معلومات ملے گی تو فراہم کر دی جائیں گی۔
گزشتہ ہفتے حسن نصر اللہ کے ممکنہ جانشین ہاشم صفی الدین کی ایک حملے میں ہلاکت کی اطلاعات گردش میں ہیں۔
حزب اللہ کے عہدے داروں کا کہنا ہے کہ ہاشم صفی الدین سے رابطہ نہیں ہوسکا ہے اور اسرائیل جنوبی بیروت کے اس علاقے تک رسائی میں رکاوٹیں ڈال رہا ہے جہاں بمباری کی گئی تھی اور خیال کیا جاتا ہے کہ ہاشم صفی الدین بھی وہاں ہوسکتے ہیں۔