پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا ہے کہ ان کا اصل ہدف قومی ٹیم کو ٹی ٹوینٹی اور ایک روزہ میچز میں نمبر ون بنانا اور 2019ء کے ورلڈ کپ کے لیے تیار کرنا ہے جس کے لیے بہت محنت درکار ہوگی۔
صوبائی دارلحکومت لاہور میں قائم نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جمعرات کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مکی آرتھر نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی میں فتح کا جشن ماضی کا حصہ بن چکا ہے اور اب ان کی نظر پاکستان کرکٹ ٹیم کے مستقبل پر ہے جس کے بارے میں ان کے بقول وہ بہت پر امید ہیں۔
قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی شمولیت سے قومی ٹیم مضبوط ہوئی ہے اور چیمپئنز ٹرافی میں فتح کے بعد ٹیم ٹریک پر آگئی ہے۔
مکی آرتھر نے کہا کہ وہاب ریاض اچھے بالر ہیں جب کہ فٹنس کے لیے عمر اکمل کو محنت کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عمراکمل فٹنس ٹیسٹ میں فیل ہوئے ہیں اور فٹنس نہیں ہوگی تو کھلاڑی ٹیم میں شامل نہیں ہوگا۔
ہیڈ کوچ کا مزید کہنا تھا کہ سینئر کھلاڑيوں کي جگہ لينے کے ليے نئے کھلاڑي آگے آرہے ہيں جو کہ اچھی بات ہے لیکن نئے لڑکوں کو سخت محنت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ مصباح الحق اور یونس خان کا خلا پر کرنے کے لیے وقت درکار ہوگا اور اظہر علی، اسد شفیق، حارث سہیل اور بابر اعظم جیسے کھلاڑیوں میں متبادل بننے کی صلاحیت موجود ہے۔
مکی آرتھر نے بتایا کہ ان کا بولنگ میں بہت سخت مقابلہ ہے، اور بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے لیکن ٹیم بہتر سے بہتر ہورہی ہے۔