رسائی کے لنکس

مشیل اوباما امریکیوں کی پسندیدہ ترین شخصیت


مشیل اوباما ان دنوں اپنی خود نوشت کی پبلسٹی مہم پر ہیں۔ (فائل فوٹو)
مشیل اوباما ان دنوں اپنی خود نوشت کی پبلسٹی مہم پر ہیں۔ (فائل فوٹو)

ہیلری کلنٹن گزشتہ 17 برسوں سے اس سروے میں ٹاپ کرتی آ رہی تھیں جب کہ مشیل گزشتہ تین سال سے دوسرے نمبر پر تھیں۔

امریکہ کی سابق خاتونِ اول مشیل اوباما وائٹ ہاؤس سے تو چلی گئی ہیں لیکن امریکی شہریوں کے دلوں میں بدستور بستی ہیں۔

ایک تازہ سروے کے مطابق سابق خاتونِ اول امریکی شہریوں کی اکثریت کی پسندیدہ ترین خاتون ہیں۔

سروے کرانے والے بین الاقوامی ادارے 'گیلپ' کے نئے جائزے کے مطابق مشیل اوباما گزشتہ 17 سال میں وہ پہلی خاتون ہیں جنہوں نے یہ اعزاز سابق خاتونِ اول ہیلری کلنٹن سے چھینا ہے۔

ہیلری کلنٹن گزشتہ 17 برسوں سے اس سروے میں ٹاپ کرتی آ رہی تھیں جب کہ مشیل گزشتہ تین سال سے دوسرے نمبر پر تھیں۔

رواں سال کا سروے گزشتہ ماہ ہی کیا گیا تھا جس میں امریکی شہریوں سے دنیا کے کسی بھی ملک سے تعلق رکھنے والے ان کے پسندیدہ مرد اور خاتون کے بارے میں پوچھا گیا تھا۔

سروے میں معروف ٹی وی میزبان اور کاروباری شخصیت اوپرا ونفرے دوسرے جب کہ ہیلری کلنٹن تیسرے نمبر پر آئی ہیں۔

چوتھے نمبر پر موجودہ خاتونِ اول میلانیا ٹرمپ، پانچویں پر ملکۂ برطانیہ الزبتھ دوم اور چھٹے نمبر پر جرمنی کی چانسلر آنگیلا مرخیل ہیں۔

سروے میں مردوں کی کیٹیگری میں سابق صدر براک اوباما مسلسل گیارہویں سال بھی پہلے نمبر پر ہیں۔

موجودہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ مسلسل چوتھی بار دوسرے نمبر پر آئے ہیں۔ تیسرے نمبر پر سابق صدر جارج ڈبلیو بش اور چوتھے پر کیتھولک مسیحیوں کے مذہبی پیشوا پاپ فرانسس ہیں۔

سروے میں مائیکروسافٹ کے بانی بِل گیٹس پانچویں، سینیٹر برنی سینڈرز چھٹے اور بلِ کلنٹن ساتویں نمبر پر آئے ہیں۔

XS
SM
MD
LG