رسائی کے لنکس

نیلی چڑیا کے بجائے 'ایکس': ٹوئٹر کے نئے لوگو پر تنازع


فائل فوٹو
فائل فوٹو

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے ٹوئٹر کی ری برینڈنگ کرتے ہوئے اس کا لوگو تبدیل کر دیا ہے لیکن مبصرین کا کہنا ہے کہ انہیں اس معاملے میں قانونی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

ٹوئٹرصارفین کو اب ٹوئٹر کے لوگو میں نیلے رنگ کی چڑیا کے بجائے سیاہ اور سفید رنگ میں انگریزی حرف 'ایکس' دکھائی دے رہا ہے۔ ایلون مسک نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ ٹوئٹر کا لوگو تبدیل کر کے پیر سے’ایکس‘ کر دیا جائے گا۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق فیس بک کی مالک کمپنی میٹا اور مائیکرو سافٹ سمیت پہلے ہی متعدد کمپنیاں انگریزی کے حرف ’ایکس‘ کے نام کے حقوق حاصل کر چکی ہیں۔

ٹریڈ مارک اٹارنی جوش جربن کہتے ہیں کہ امریکہ میں مختلف صنعتوں اور شعبوں میں لگ بھگ 900 کمپنیاں ایسی ہیں جن کے نام میں انگریزی کا حرف ایکس واضح ہے۔

ان کے خیال میں ٹوئٹر کے لوگو میں ایکس کا استعمال کرنے پر سو فی صد امکان ہے کہ ایلون مسک کو قانونی نوٹس مل سکتا ہے۔

کسی بھی ٹریڈ مارک کی ملکیت میں کمپنی کے برینڈ کا نام، لوگو اور سلوگن شامل ہوتے ہیں جس سے برینڈ کی شناخت ہوتی ہے۔

’رائٹرز‘ کے مطابق اگر کوئی برینڈ یہ دعویٰ ثابت کر دے کہ اس کی حق تلفی ہوئی ہے تو دوسرے برینڈ کو نہ صرف صارفین کے سامنے شرمندگی کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ اس پر مالی جرمانہ بھی عائد ہو سکتا ہے جب کہ برینڈ کے استعمال پر پابندی بھی عائد ہو سکتی ہے۔

مائیکرو سافٹ کے پاس 2003 سے ایکس کا ٹریڈ مارک موجود ہے جو اس نے اپنے ایکس باکس ویڈیو گیم کی تشہیر کے لیے رجسٹرڈ کرایا تھا۔

اسی طرح فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی مالک کمپنی میٹا 2019 نے ایکس کے نام سے فیڈرل ٹریڈ مارک رجسٹرڈ کرایا تھا جس کا رنگ نیلا اور سفید تھا۔ اس نے یہ ٹریڈ مارک سافٹ ویئر اور سوشل میڈیا سے متعلق مصنوعات کے لیے رجسٹرڈ کرایا تھا۔

فیس بک نے جب اپنا نام میٹا کیا تھا تو اس وقت اسے بھی قانونی مسائل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس کے خلاف انویسٹمنٹ فرم ’میٹا کیپٹل‘ اور ورچوئل ریائلٹی کمپنی ’میٹا ایکس‘ نے ٹریڈ مارک کے مقدمات درج کیے تھے۔بعد ازاں میٹا نے اپنا لوگو انفینٹی کے نشان میں بنایا تو یہ معاملہ حل ہوا۔

واضح رہے کہ میٹا نے حال ہی میں ’تھریڈز‘ کے نام سے نیا سوشل میڈیا پلیٹ فارم شروع کیا ہے جس کا مقصد ٹوئٹر سے مسابقت ہے۔

ٹریڈ مارک اٹارنی جوش جربن کہتے ہیں کہ میٹا اور مائیکرو سافٹ تو ممکن ہے کہ اس وقت تک ٹوئٹر کے خلاف کوئی قانونی کارروائی شروع نہ کریں جب تک انہیں یہ محسوس نہ ہو کہ ان کی برینڈنگ کی مشابہت ہو رہی ہے۔

’رائٹرز‘ کے مطابق ایکس کے استعمال اور اس پر ممکنہ کسی دعوعے سے متعلق ٹوئٹر، میٹا اور مائیکرو سافٹ کی جانب سے تاحال کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا ہے۔

اس خبر کے لیے مواد خبررساں ادارے 'رائٹرز' سے لیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG