رسائی کے لنکس

'میرے پاس تم ہو' کی آخری قسط میں کیا ہو گا؟


ڈرامے کی آخری قسط ہفتے 18 جنوری کی بجائے 25 جنوری کو سنیما گھروں میں دکھائی جائے گی۔
ڈرامے کی آخری قسط ہفتے 18 جنوری کی بجائے 25 جنوری کو سنیما گھروں میں دکھائی جائے گی۔

پاکستان کے نجی چینل اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامے 'میرے پاس تم ہو' کی آخری قسط سنیما اسکرین پر دکھائی جائے گی۔ لیکن اس سے قبل ہی ڈرامے کی آخری قسط سے متعلق پیش گوئیوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔

ڈرامے کی آخری قسط ہفتہ 18 جنوری کی بجائے 25 جنوری کو سنیما گھروں میں دکھائی جائے گی۔ جس کے لیے چینل انتظامیہ نے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔

یہ ٖفیصلہ ڈرامے کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے کیا گیا ہے جو ناظرین کی پسند کے اعتبار سے سر فہرست ہے۔

ڈرامے کے مصنف خلیل الرحمٰن قمر ہیں جن کے کریڈیٹ پر کئی کامیاب ڈرامے ہیں جن میں 'بوٹا فرام ٹوبہ ٹیک سنگھ'، 'پیارے افضل'، 'صدقے تمہارے'، 'ذرا یاد کر'، 'محبت تم سے نفرت ہے' اور 'لنڈا بازار' شامل ہیں۔

'میرے پاس تم ہو' اپنے اچھوتے موضوع اور ڈائیلاگز کی وجہ سے بھی عوام میں مقبول ہے۔

سوشل میڈیا پر ڈرامے کی آخری قسط سے متعلق تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ڈرامے کی کہانی اس نہج پر پہنچ چکی ہے جہاں ڈرامے کے کردار دانش اور ہانیہ منگنی کر چکے ہیں۔ لیکن دانش کے ساتھ بے وفائی کرنے والی اس کی سابقہ اہلیہ مہوش بھی دانش سے دوبارہ رُجوع کرنے کی خواہش مند ہے۔

ڈرامے کے ہدایت کارندیم بیگ ہیں جب کہ فن کاروں میں ہمایوں سعید، عدنان صدیقی، عائزہ خان، سویرا ندیم اور حرا مانی شامل ہیں۔

ڈرامے کی کہانی مہوش نامی ایک ایسی عورت کے گرد گھومتی ہے جو پیسے کے لالچ میں اپنے شوہر دانش سے بیوفائی کرکے شہوار نامی ایک امیر بزنس مین سے دوسری شادی کرنے کے وعدے پر اپنے شوہر اور بیٹے کو چھوڑ کر چلی جاتی ہے۔

مگر شہوار جیسا نظر آتا ہے حقیقت میں ایسا نہیں ہوتا۔ وہ مہوش سے شادی کا وعدہ بھی پورا نہیں کر پاتا اور یہیں سے ڈرامے کی کہانی ایک نیا موڑ اختیار کر لیتی ہے۔

اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک کے سی ای او جرجیس سیجا کے مطابق 'میرے پاس تم ہو' پہلا ڈرامہ نہیں جو سینما میں دکھایا جائے گا بلکہ اس سے قبل خلیل الرحمن قمر کے ہی لکھے ہوئے ڈرامے 'پیارے افضل' کی آخری قسط بھی سنیما میں دکھائی گئی تھی۔

ان کے مطابق 'میرے پاس تم ہو' وہ واحد ڈرامہ ہے جس کی ملک بھر کے سینماہالز میں بڑے پیمانے پر اسکریننگ ہو گی۔ سنیما اسکرین پر دو خصوصی اقساط رات آٹھ بجے سے دس بجے تک دکھائی جائیں گی۔

XS
SM
MD
LG