رسائی کے لنکس

کراچی میں سجا 'مردانہ' فیشن شو


کراچی میں دو روزہ 'مینز فیشن' شو کے نام سے منعقدہ شو میں پاکستان کے مشہور ڈیزائنروں نے اپنے تخلیق کردہ مردانہ ملبوسات کی کلیکشن کو خوبصورتی سے پیش کیا

کراچی: ایک زمانہ تھا کہ جب سجنا سنورنا، زمانے اور وقت کے ساتھ ساتھ فیشن اور اسٹائل میں ڈھل جانا صرف 'خواتین' کا ہی انداز سمجھا جاتا تھا۔ مگر اب جدید دور کی 'فیشن' کی چمچماتی دنیا میں خواتین کی طرح اب مرد حضرات بھی حصہ بن چکے ہیں۔

ایسا ہی انداز لئے پاکستان کے شہر کراچی میں ایک فیشن شو کا انعقاد کیا گیا جہاں خواتین نہیں صرف 'مرد ماڈلز' نے ریمپ پر کیٹ واک کی اور مردوں کیلئے نت نئے انداز ملبوسات کے جلوے دکھائے۔

مردوں کیلئے متعارف کرائے گئے نئے ٹرینڈ، فیشن کے پہناووں میں ہلکے، شوخ، چمکتی کڑہائی اور موتیوں کے کام والی شیروانیاں، شلوار سوٹ، تھری پیس، شرٹ پینٹ اور ہلکے پھلکے انداز کے پہناوے سب ہی شو کا حصہ رہے۔

کراچی 'مینز فیشن' شو میں پاکستان کے مشہور لباس ڈیزائنروں نے اپنے تخلیق کردہ ملبوسات کو خوبصورتی سے پیش کیا۔

دو روزہ فیشن شو میں پہلے روز ڈیزائنر رضوان اللہ، عامر عدنان، ہما عدنان، معاذجی، اور دیگر برانڈز کے کلیکشن اس فیشن شو کا حصہ رہے؛ جبکہ دوسرے روز معروف ڈیزائنر عمر سعید، حسن شہریار یاسین-ایچ ایس وائے، عمران راجپوت، دیپک اینڈ فہد اور ایف ایچ ایس کے ڈیزائن کردہ ملبوسات پیش کئےگئے۔

ملک کے مشہور ڈیزائنر عمر سعید کی شیروانی کے تیز رنگوں کے مختلف اسٹائل پیش کئے گئے جسمیں گولڈن موتیوں کے کام کو خوبصورت انداز میں پیش کیا گیا۔

مشہور برانڈ کی ڈیزائنر ہما عدنان نے مرد ماڈلز کے ساتھ مردانہ شلوار قمیض اور شال کے ساتھ واک کرکے سب کو حیران کردیا۔

عمران راجپوت کے ڈیزائن کردہ کوٹ پینٹ تھری پیس سوٹ کے نت نئے ڈیزائن سمیت دیپک فہد کے شیروانی، شلوار قمیض اور کوٹ پینٹ کا اسٹائل نمایاں رہا جبکہ مختلف رنگوں کے امتزاج پر مبنی شلوار قمیض پر ہلکے کڑھائی کے کام والے قمیض شلوار کو پگڑی اور شال کے ساتھ اسٹائلش انداز میں خوبصورتی سے پیش کیا۔

فیشن شو کے دوران اداکار فیصل قریشی نے عمران راجپوت کے تیار کردہ بلیک تھری پیس سوٹ پہن کر کیٹ واک کی جسے حاضرین نے خوب پسند کیا۔ دوسری جانب مشہور ماڈل نادیہ حسین نے بھی مرد ماڈلز کے ساتھ بطور خصوصی مہمان ریمپ پر واک پیش کی۔

دوسرے ہی روز مشہور گلوکار علی حیدر نے اپنے صوفی گانوں کی گائیکی سے نا صرف حاضرین سے داد وصول کی بلکہ ان کی گائیکی کےساتھ بھی ماڈلز نے کیٹ واک کی۔

اس سمیت مشہور قوال امجد صابری نے مشہور قوالی 'بھردو جھولی' پیش کرکے سماں باندھ دیا۔

شو میں مشرقی ملبوسات کے ساتھ ساتھ مغربی انداز کے ہلکے پھلکے انداز کو بھی ہیش کیا گیا نے ڈیزائن بیگ ہینڈز بیگز کےساتھ مرد ماڈلز نے ریمپ پر رونقیں بکھیریں۔

دو روزہ فیشن شو میں جونیئر اور سینئرز مرد ماڈلز شو کا حصہ رہے۔ یہ سلسلہ کراچی میں ہونےوالے سالانہ فیشن ویک کا حصہ رہا جسے مینز فیشن شو کے انداز پیش کئےگئے۔

XS
SM
MD
LG