رسائی کے لنکس

مہوش حیات، ایکٹنگ اور ماڈلنگ کے بعد اب ڈانسنگ


مہوش کی شاندار پرفارمنس دیکھ کر لگتا ہے کہ بالی ووڈ والے بھی انہیں عنقریب اپنے کسی نہ کسی ایوارڈ فنکشن میں شرکت کے لئے بلاہی لیں گے

کراچی ... مہوش حیات ۔۔پاکستان کی نامور ٹیلی ویژن اداکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ ایک کامیاب کمپیئر اور ماڈل تو ہیں ہی، اب ان کا شمار بہترین ڈانسر کے طور پر بھی ہونے لگا ہے۔۔ خاص کر جب سے انہوں نے ’ہم ایوارڈز‘ اور ’اے آر وائی فلمز ایوارڈز‘ میں ڈانسنگ پرفارمنس دی ہے۔

ان ایوارڈز میں مہوش کی شاندار پرفارمنس دیکھ کر لگتا ہے کہ بالی ووڈ والے بھی انہیں عنقریب اپنے کسی نہ کسی ایوارڈ فنکشن میں شرکت کے لئے بلا ہی لیں گے۔

۔۔۔لیکن خود مہوش حیات ڈانسنگ سے بے پرواہ ہوکر اپنی آنے والی فلم ”نامعلوم افراد“ کی پرفارمنس کو لیکر بہت ایکسائٹیڈ ہیں۔ اور اس کی خاص وجہ ہے ان کا ایک آئٹم سانگ جو انہوں نے ٹی وی کے سینئر ایکٹر سلمان شاہد کے ساتھ کیا۔

پاکستان میں۔۔ اور کسی حد تک پڑوسی ملک میں بھی، ’آئٹم سانگز‘ پر سخت تنقید ہوتی رہی ہے، حتیٰ کہ خواتین خود بھی آئٹم سانگز کو اچھا خیال نہیں کرتیں۔ لیکن، ’ہپ ان پاکستان‘ کی ایک خبر کے مطابق، مہوش آئٹم سانگ پر تنقید کو بے وجہ اور بلا ضرورت خیال کرتی ہیں۔


مہوش کا کہنا ہے کہ ’آئٹم سانگ ان کے خیال میں ایک مزیدار فن ہے۔ اکثر فیملی ممبرز شادی بیاہ میں ڈانس کرتے نظر آتے ہیں۔ اس میں برائی تو کوئی نہیں۔‘

خیر ۔۔۔بات ہو رہی تھی فلم ’نامعلوم افراد‘ کی جو کامیڈی تھرلر ہے اور اس کی کاسٹ میں مہوش کے ساتھ ساتھ جاوید شیخ، فہد مصطفیٰ، محسن عباس حیدر، سلمان شاہد، اروہ اور ایک برطانوی اداکارہ کبریٰ خان بھی شامل ہیں۔

فلم ’نامعلوم افراد‘ کو نبیل قریشی نے ڈائریکٹ کیا ہے۔ جی ہاں، یہ وہی نبیل ہیں جو اس سے پہلے ’جیو‘ ٹی وی سے پیش کئے جانے والے مزاحیہ پروگرام ’بنانا نیوز نیٹ ورک‘ بھی ڈائریکٹ کر چکے ہیں۔

فلم کا طنزیہ اور دلچسپ انداز سب کو پسندا ٓئے گا، خاص کر کراچی والوں کو جنہیں یہ اپنے ہی شہر کی جیتی جاگتی کہانی لگے گی۔ فلم میں شہر کے پرانے علاقوں کی عکاسی کی گئی ہے۔

فلم کو یہ اعزاز بھی حاصل رہے گا کہ یہ پاکستان کی پہلی مکمل فلم ہوگی جو دنیا بھر میں مشہور کیمرے اری ایلیکزا پر شوٹ ہوئی ہے۔

فلم کا ٹائٹل ٹریک نامور سنگر اور میوزک کمپوزر سجاد علی نے تیار کیا ہے۔ توقع ہے کہ فلم اگست اور اس کا ٹریلر جولائی میں ریلیز ہوگا۔
XS
SM
MD
LG