رسائی کے لنکس

میگن کو پرنس ہیری سے شادی کرنے سے کیوں روکا گیا تھا؟


میگن مرکل اور برطانوی شہزادے ہیری کی شادی 19 مئی 2018 کو ہوئی تھی۔
میگن مرکل اور برطانوی شہزادے ہیری کی شادی 19 مئی 2018 کو ہوئی تھی۔

معروف امریکی اداکارہ میگن نے کہا ہے کہ اس کے برطانوی دوستوں نے پرنس ہیری سے شادی کرنے سے انہیں روکتے ہوئے کہا تھا کہ برطانوی اخبارات اور جریدوں کی سنسنی خیزیاں ان کی زندگی کو تباہ و برباد کر دیں گی۔ اور اب ہو بھی یہی رہا ہے۔

حال ہی میں شاہی جوڑے نے برطانیہ کے کئی اخباروں اور جریدوں کے خلاف مقدمات دائر کیے ہیں۔

اتوار کے روز آئی ٹی وی نے افریقہ کے ان کے دورے کے بعد میگن اور پرنس ہیری کے بارے میں ایک گھنٹے کا پروگرام نشر کیا، جس میں انہوں نے کوئی لگی لپٹی رکھے بغیر کھل کر باتیں کیں۔

میگن نے، جنہیں شادی کے بعد ’ڈچز آف ساسکس‘ کا شاہی خطاب مل چکا ہے، ٹام بریڈلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں خود بھی معلوم نہیں تھا کہ پرنس ہیری سے شادی کے بعد انہیں کس طرح کے حالات سے گزرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ جب میں پہلی بار پرنس ہیری سے ملی تو میرے امریکی دوست بہت خوش تھے کیونکہ میں جو خوش تھی۔ لیکن میرے برطانوی دوستوں نے محتاط رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ بلاشبہ پرنس ہیری بہت اچھے انسان ہیں، لیکن تمہیں برطانوی اخباروں اور جریدوں کا پتا نہیں ہے۔ وہ تمہاری زندگی برباد کر دیں گے۔

38 سالہ میگن نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ایک امریکی ہونے کے ناطے میں بہت صاف گو ہوں۔ اس لیے میں نے سوچا کہ بھلا میرے بارے میں کہانیوں کی کیا تک بنتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب پرنس ہیری سے ان کے تعلق کی خبریں پھیلنے لگیں تو وہ احتياط برتنے لگیں۔ لیکن ان کا کہنا تھا کہ وہ یہ تسلیم کرتی ہیں کہ اس سے انہیں الٹا نقصان ہوا۔

میگن نے کہا کہ میں آپ کو سب سے اہم بات یہ بتانا چاہوں گی کہ میں نے کبھی یہ نہیں سوچا تھا کہ ہنری کے ساتھ میرے لیے زندگی گزارنا آسان ہو گا۔ بلکہ یہ سوچا تھا کہ بس ٹھیک ہو گا، لیکن یہ جو چیز ہے اس کے ساتھ سمجھوتہ کرنا آسان نہیں ہے۔

آئی ٹی وی کی ایک گھنٹے کی طویل نشست میں 35 سالہ پرنس ہیری نے بھی گفتگو میں حصہ لیا۔ انہوں نے میڈیا میں اپنے بارے میں چھپنے والی خبروں اور کہانیوں کو بے بنیاد اور بہتان پر مبنی قرار دیتے ہوئے اس پر مایوسی کا اظہار کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کی اہلیہ اور اپنی ذات کے بارے میں میڈیا میں بہت سا ایسا مواد آ رہا ہے جو ان کے لیے تکلیف دہ ہے۔ خاص طور پر اس لیے کیونکہ وہ کلی طور پر جھوٹ ہے۔

میگن اور پرنس ہنری کے افریقہ کے دورے کے اختتام پر یہ اعلان کیا گیا کہ شاہی جوڑے نے اخبار’ میل آن سنڈے‘ کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے جس نے غیر قانونی طور پر میگن کا ایک مبینہ پرائیوٹ خط شائع کیا تھا۔

اس اعلان کے کچھ ہی دیر بعد پرنس ہنری نے اپنا ٹیلی فون مبینہ طور پر ہیک کرنے پر ’ڈیلی مرر‘ اور ’دی سن ‘ کے خلاف بھی مقدمات دائر کر دیے۔

XS
SM
MD
LG