نوے کی دہائی میں مقبول ہونے والے امریکی سِٹ کام 'فرینڈز' سے عالمی شہرت پانے والے اداکار میتھیو پیری 54 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ وہ ہفتے کی رات امریکی شہر لاس اینجلس میں اپنے گھر میں مردہ پائے گئے تھے۔
مشہور ٹی وی سیریز میں چینڈلر بنگ کا کردار نبھانے والے اداکار کی موت مبینہ طور پر باتھ ٹب یا جیکوزی میں ڈوبنے سے واقع ہوئی۔ تاہم ابھی ان کی موت کی اصل وجہ سامنے نہیں آئی ہے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق ان کے جسم پر نہ تو تشدد کے نشانات پائے گئے نہ منشیات کا کوئی نام و نشان نظر آیا جس سے امکان ہے کہ ان کی موت حادثاتی ہوسکتی ہے۔
میتھیو پیری کی موت کی تصدیق دس سال تک 'فرینڈز' نشر کرنے والے ادارے ’این بی سی انٹرٹینمنٹ‘ نے سوشل میڈیا پر ایک تعزیتی پوسٹ کے ذریعے کی۔
اس پوسٹ میں لکھا تھا کہ میتھیو پیری جنہوں نے اپنی کمال کامیڈی ٹائمنگ سے کروڑوں چہروں پر مسکراہٹ بکھیری، وہ اب اس دنیا میں نہیں رہے۔
نہ صرف انہوں نے میتھیو پیری کے بطور چینڈلر بنگ آن اسکرین طنز کرنے کی عادت کو لاجواب قرار دیا بلکہ یہ بھی کہا کہ ان کا کام انہیں کئی سالوں تک زندہ رکھے گا۔
ٹی وی شو 'فرینڈز 'کے سوشل میڈیا نے ان کی موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے خاندان اور مداحوں سے اظہار ہمدردی کیا۔
میتھیو پیری کو 'فرینڈز' میں سب سے منفرد مقام کیوں حاصل تھا؟
امریکی سٹ کام 'فرینڈرز 'کو دنیا کے مقبول ترین کامیڈی شوز میں سے ایک مانا جاتا ہے اور میتھیو پیری کے کردار کو اس کا مقبول ترین کردار۔ انہوں نے دس سال تک اس شو میں چینڈلر بنگ نامی ایک ایسے نوجوان کا کردار ادا کیا تھا جو بلا تفریق ہر شخص کا مذاق اڑاتا ہے۔
'فرینڈز میں میتھیو پیری کے ساتھ ساتھ اداکاروں جنیفر اینسٹن، میٹ لی بلانک، کورٹنی کوکس، لیزا کڈرو، اور ڈیوڈ شوئمر نے عالمی شہرت حاصل کی۔ تاہم اپنے دوستوں میں سب سے بہتر نوکری ہونے کے باوجود چینڈلر بنگ کو سب سے غیر سنجیدہ ہی سمجھا جاتا رہا۔
گزشتہ سال ریلیز ہونے والی اپنی خود نوشت 'فرینڈز، لوورز اینڈ دی بگ ٹیربل تھنگ' میں میتھیو پیری نے اپنی کامیابی پر سے راز اٹھاتے ہوئے بتایا کہ چینڈلر بنگ ان کی شخصیت سے سب سے زیادہ قریب تھا جس کی وجہ سے انہیں اپنے کردار کو منفرد بنانے میں مدد ملی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اپنے والدین کی طلاق کے بعد ان کی کوشش ہوتی تھی کہ اپنی ماں کو ہنسائیں جس کی وجہ سے ان کے مزاح کی حس بہت جلد ڈیولپ ہوگئی تھی۔
انہوں نے اسے ایک ایسا 'ڈیفنس میکانزم' قرار دیا جس نے آگے جاکر انہیں کامیاب اداکار بنایا۔
میتھیو پیری 19 اگست 1969 کو امریکی ریاست میساچیوسیٹس کے قصبے ولیمز ٹاؤن میں پیدا ہوئے لیکن جب کہ ان کے والد جون بینیٹ پیری اپنی بیوی سوزین اور نومولود بیٹے کو چھوڑ کر اداکار بننے کے لیے کیلی فورنیا چلے گئے تھے تو وہ اپنی ماں کے ہمراہ کینیڈا شفٹ ہوگئے۔ جہاں ان کی والدہ نے اس وقت کے وزیر اعظم پیئر ٹروڈو کی پریس سیکریٹری کے طور پر کچھ عرصہ کام کیا۔
اداکار نے اپنی کتاب میں انکشاف کیا تھا کہ جب ان کی والدہ نے معروف براڈکاسٹر کیتھ موریسن سے دوسری شادی کی تو ان کے اپنے رویے میں تبدیلی آگئی جس کے نتیجے میں انہوں نے منشیات کا استعمال شروع کیا۔ جس کا آگے جاکر انہیں نقصان ہوا۔
اسی کتاب میں انہوں نے بتایا کہ کریئر کے عروج پر وہ منشیات کے ساتھ ساتھ مضر صحت ادویات کے عادی رہے جس کی وجہ سے انہیں متعدد مرتبہ ری ہیب بھی جانا پڑا۔ 2018 میں انہیں اسی سلسلے میں سرجری کے مرحلے سے بھی گزرنا پڑا جس کے بعد انہوں نے سوبر رہنے کا فیصلہ کیا۔
گزشتہ سال ریلیز ہونے والی کتاب میں انہوں نے نوجوان نسل کو ہدایت بھی دی کہ منشیات،شراب اور کوئی بھی نشہ آور چیز انسان کو صرف وقتی فائدہ پہنچا سکتی ہے۔ ان سے جتنا دور رہا جاسکتا ہے رہنا چاہیے۔
بہت کم لوگوں کو اس بات کا علم ہے کہ 15 سال کی عمر میں جب میتھیو پیری کینیڈا سے امریکہ آئے تھے تو اس وقت وہ اداکار نہیں بلکہ ٹینس اسٹار بننا چاہتے تھے لیکن اپنے والد جون بینیٹ پیری کی مداخلت پر انہوں نے شوبز میں انٹری مارنے کا فیصلہ کیا۔
ان کا کریئر 1994 سے 2004 تک جاری رہنے والے 'فرینڈز' تک محدود نہیں تھا۔ انہوں نے 'فولز رش ان'، 'تھری ٹو ٹینگو'، 'دی ہول نائین یارڈز' اور اس کے سیکویل کے ساتھ ساتھ 'سیونٹین اگین' جیسی کامیاب فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
کینیڈین وزیر اعظم، ساتھی اداکاروں نے میتھیو پیری کی وفات کو افسوسناک قرار دیا۔
میتھیو پیری پیدا تو امریکہ میں ہوئے لیکن ان کا بچپن کینیڈا میں گزرا جہاں موجودہ وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو ان کے ساتھیوں میں سے ایک تھے۔
جسٹن ٹروڈو نے اپنے بچپن کے دوست کی موت کو افسوس ناک اور حیران کن قرار دیتے ہوئے ان کے ساتھ گزرے وقت کو یاد کیا اور کہا کہ دنیا بھر میں ان کے مداح انہیں ہمیشہ یاد رکھیں گے۔
'فرینڈز' میں چینڈلر بنگ کی گرل فرینڈ جینس کا کردار نبھانے والی اداکارہ میگی ویلر نے بھی ان کے ساتھ گزرے وقت کو بہترین تجربہ قرار دیا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میتھیو پیری کو دنیا مس کرے گی۔
'فرینڈز' میں میتھیو پیری کی والدہ کا کردار نبھانے والی اداکارہ مورگن فیئرچائلد نے بھی اپنے آن اسکرین بیٹے کی موت پر افسوس کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک شاندار اداکار کی وفات سے انہیں اور ان کے چاہنے والوں کو حیرانی ہوئی ہے۔
انہوں نے میتھیو پیری کے والد اداکار جون بینیٹ پیری سے بھی تعزیت کی جن کے ساتھ انہیں 'فلیمنگو روڈ 'اور 'فیلکن کریسٹ ' میں کام کرنے کا اتفاق ہوچکا ہے۔
معروف ہالی وڈ اداکارہ ویولا ڈیوس نے بھی میتھیو پیری کے انتقال پر افسوس کرتے ہوئے لکھا کہ لوگوں کی زندگی میں فرق پیدا کرنے کی وجہ سے انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
اداکارہ سلمیٰ بلیئر نے میتھیو پیری کو اپنا سب سے پرانا بوائے فرینڈ قرار دیتے ہوئے ان کی موت کو ایک سانحہ قرار دیا۔
جب کہ اداکار وینڈل پیئرس نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ میتھیو پیری نہ صرف ایک بہترین باس تھے بلکہ ایک رحم دل انسان اور مزاحیہ شخص بھی جن کے ساتھ کام کرکے انہوں نے بہت کچھ سیکھا۔