لاطینی امریکہ کے ملک ہیٹی میں سمندری طوفان ’میتھیو‘ کے سبب ہونے والے تباہی میں ہلاکتوں کی تعداد لگ بھگ نو سو تک پہنچ گئی ہے، جس میں مزید اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
اقوام متحدہ کے مطابق طوفان سے ہیٹی میں تقریباً ساٹھ لاکھ افراد متاثر ہوئے اور لگ بھگ ساڑھ تین لاکھ افراد کو فوری امداد کی ضرورت ہے۔
طوفان کے سبب ہونے والے نقصان کا درست اندازہ لگانے کی کوششیں جاری ہیں اور حکام کے مطابق اس میں کئی دن لگ سکتے ہیں۔
طوفان ’میتھیو‘ سے ہیٹی میں زیادہ تر ہلاکتیں جنوب مغربی خطے میں ہوئیں۔
مواصلات کا نظام تباہ ہونے سے بہت سے علاقوں تک امدادی ٹیموں کو رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
حکام کے مطابق ’’کیٹیگری چار‘‘ کی شدت کا طوفان میتھیو 235 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے ساتھ ہیٹی سے ٹکرایا تھا۔
ہیٹی میں اس سے قبل "کیٹیگری چار" شدت کا طوفان "فلورا" 1963ء میں آیا تھا جس سے لگ بھگ آٹھ ہزار افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
ہیٹی کے بعد یہ سمندری طوفان جنوب مشرقی امریکی ریاست فلوریڈا کی جانب بڑھا، لیکن اُس کی شدت میں کمی ہو گئی۔
فلوریڈا کے ساحلی علاقوں میں 195کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں جب کہ 30 سینٹی میٹر تک بارشیں بھی ہوئیں جس سے فلوریڈا اور نارتھ کیرولائینا میں ممکنہ سیلاب کا خطرہ ہے۔