رسائی کے لنکس

بھارت سری لنکا کو 7 وکٹوں سے ہرانے میں کامیاب


ورلڈ کپ 2019 کے چوالیسویں میچ میں بھارت، سری لنکا کو 7 وکٹس سے ہرانے میں کامیاب ہوگیا۔ ہیڈنگلے گراؤنڈ لیڈز میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں پر 264 رنز بنائے اور بھارت کو میچ جیتنے کے لئے 265 رنز کا ہدف دیا۔

بھارت نے آسانی کے ساتھ 44 ویں اوور میں صرف 3 وکٹس کے نقصان پر یہ ہدف حاصل کر لیا۔ کامیابی میں روہت شرما اور کے ایل راہول کی سینچریز نے اہم کردار ادا کیا۔

بھارت بنگلہ دیش کو ہرا کر پہلے ہی سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر چکا ہے، جبکہ سری لنکا کا یہ آخری میچ تھا۔

بھارت کی طرف سے اننگز کا آغاز کے ایل راہول اور روہت شرما نے کیا اور اسکور کو بغیر کسی نقصان کے 19 ویں اوور میں 100 کا ہندسہ عبور کرا دیا۔ اس دوران روہت شرما نصف سینچری بنانے میں بھی کامیاب رہے جبکہ راہول بھی دھیرے دھیرے 50 رنز کے قریب پہنچنے والے تھے۔

سری لنکا اب تک اپنے پانچ بالرز کو باری باری بالنگ کا موقع دے چکا تھا۔ لیکن کامیابی کسی کے ہاتھ بھی نہیں آئی تھی۔ حتیٰ کہ 23 ویں اوور میں راہول کی بھی نصف سینچری مکمل ہوگئی جبکہ روہت اس دوران 75 رنز اسکور کر چکے تھے۔

29 ویں اوور میں روہت شرما نے سینچری مکمل کی لیکن جیسے ہی ان کا اسکور 103 رنز ہوا انہیں راجیتھا نے اپنی بال پر کیچ آؤٹ کرا دیا اور یوں 189 رنز پر بھارت کی پہلی وکٹ گری۔

روہت کی جگہ ویراٹ کوہلی بیٹنگ کے لئے آئے۔ اس دوران 39 ویں اوور میں راہول بھی سینچری بنانے میں کامیاب ہوگئے۔ انہوں نے 109 بالر پر 100 رنز مکمل کئے۔

کے ایل راہول تیز رفتاری سے رنز بنا رہے تھے کہ ملینگا نے انہیں 111 رنز پر وکٹوں کے پیچھے کیچ کرا دیا۔ راہول شارٹ کھیلتے ہوئے اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکے اور گر گئے مگر اسی دوران بال ان کے بیٹ سے ٹکرا کر وکٹ کیپر کے ہاتھوں میں کیچ ہو چکی تھی۔ ان کی جگہ پنت بیٹنگ کرنے آئے۔

بھارت کامیابی سے صرف 12رنز کی دوری پر تھا کہ پنت کو یودانا نے ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ ان کی جگہ ہاردک پانڈیا کھیلنے آئے۔

اسی دوران بھارت نے 44 ویں اوورز میں 3 وکٹ کے نقصان پر 265 رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔ ویراٹ کوہلی نے 39 اور ہاردک پانڈیا 7 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

سری لنکن اننگز:
سری لنکن اننگز کا آغاز ڈیموتھ کرونارتنے اور کشال پریرا نے کیا جبکہ بھارت کی طرف سے بالنگ کی شروعات بھونیشور کمار نے کی۔

سری لنکا کو اننگز کی شروعات میں ہی پہلا جھٹکا لگا۔ چوتھے اوور کی تیسری بال پر سری لنکا کو ڈیموتھ کرونارتنے کی وکٹ گرنے کا پہلا نقصان اٹھانا پڑا۔ انہیں جسپریت بمراہ نے ایم ایس دھونی کے ہاتھوں وکٹ کے پیچھے کیچ کرایا۔ وہ صرف 10 رنز بنا سکے تھے۔

ٹیم کا اسکور سات اعشاریہ ایک اوور میں 40 رنز تھا کہ سری لنکا کو دوسری وکٹ گنوانا پڑی۔ کشال پریرا 18 رنز پر کھیل رہے تھے کہ انہیں بمراہ نے ہی دھونی کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔

ان کی جگہ جیون مینڈس بیٹنگ کرنے آئے مگر صرف 3 رنز پر ہی انہیں واپس پویلین جانا پڑا۔ انہیں رویندر جڈیجا نے آؤٹ کیا۔

چوتھی وکٹ ہاردک پانڈیا کی بال پر فرنینڈو کی گری۔ انہوں نے 20 رنز اسکور کئے۔ ان دونوں کھلاڑیوں کی جگہ انجیلو میتھیوز اور لہیرو تھرمانے نے لی۔

دونوں کھلاڑیوں نے 53 رنز کے اسکور سے بیٹنگ کرنا شروع کی تھی۔ لیکن وکٹ بچانے کی کوششیں اس قدر طویل ہوگئیں کہ میچ سست روی کا شکار ہوگیا۔ تاہم دونوں نے 124 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی۔

لہیرو تھرمانے کافی دیر تک کریز پر رہنے اور 53 رنز اسکور کرنے کے بعد کلدیپ یادو کی بال پر آؤٹ ہوئے۔ ان کی جگہ ڈی سلوا نے لی۔

آخری کھلاڑیوں مییں سے انجیلو میتھیوز 113 اور تھیسارا پریرا 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ ڈی سلوا 29 اور اڈانا 1 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ یوں سری لنکا کے 7 کھلاڑی مقررہ 50 اوورز میں 264 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

پوائنٹس ٹیبل

بھارت 13 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور سری لنکا 8 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔

بھارتی ٹیم
روہت شرما، کے ایل راہول، ویراٹ کوہلی،رشبھ پنت، ایم ایس دھونی، دنیش کارتھک، ہاردک پانڈیا، رویندر جڈیجا، بھونیشور کمار، کلدیپ یادو، جسپریت بمراہ۔

سری لنکن ٹیم:
ڈیموتھ کرونارتنے،کشال پریرا،اویشکا فرنینڈو، کشال مینڈس، انجیلو میتھیوز، لہیرو تھرمانے، دھنن جے ڈی سلوا، یشورو ادانا، رلیستھ ملینگا، کسون راجیتھا، تھسارا پریرا۔

XS
SM
MD
LG