رسائی کے لنکس

مستونگ خودکش دھماکے کے سہولت کار گرفتار


مستونگ خود کش دھماکے کے بعد سیکیورٹی اہل کار شواہد اکھٹے کر رہے ہیں۔ جولائی 2018
مستونگ خود کش دھماکے کے بعد سیکیورٹی اہل کار شواہد اکھٹے کر رہے ہیں۔ جولائی 2018

سندھ پولیس کے کاونٹر ٹیررز ڈپارٹمنٹ نے بلوچستان کے علاقے مستونگ میں ہونے والے خودکش حملے میں ملوث چار افراد کو گرفتار کر کے اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

گرفتار ہونے والوں میں خود کش بمبار کا باپ بیٹا اور ان کے دو قریبی ساتھی شامل ہیں۔

13 جولائی کو بلوچستان کے علاقے مستونگ میں ایک انتخابی جلسے میں خوفناک خود کش دھماکہ ہوا تھا جس میں 150 افراد ہلاک ہو گئے تھے جبکہ زخمیوں کی تعداد 200 کے لگ بھگ تھی۔

خودکش بمبار حفیظ نواز کی شناخت پہلے ہی کی جا چکی ہے۔

کاونٹر ٹیررز ڈپارٹمنٹ سندھ کے ایس ایس پی پرویز چانڈیو کا کہنا ہے کہ پولیس نے کراچی کے علاقے بنارس، منگھوپیر اور پرانی سبزی منڈی میں انٹیلی جینس بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے حملے میں ملوث خودکش بمبار کے والد اور بھائی سمیت ہلاک دہشت گرد کے قریبی ساتھیوں کو گرفتار کرلیا۔

پولیس نے مزید بتایا کہ خودکش بمبار حفیظ نواز کے والد محمد نواز اور بھائی حق نواز دھماکے کے بعد روپوش تھے۔ گرفتار ہونے والوں نے خودکش دھماکے کے لئے سہولت کاری کا کردار ادا کیا تھا۔

دوران تفتیش ملزمان نے پولیس کو بتایا کہ نواز کے دو بیٹے، چار بیٹیاں اور بیوی 29 مئی 2016 کو افغانستان فرار ہوئے۔ پہلے نواز اور اس کے بیٹے تحریک طالبان کے ملا فضل اللہ گروپ اور پھر داود محسود گروپ میں شامل ہوئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گرد مستونگ میں خودکش دھماکے میں سہولت کاری کی کامیاب واردات کے بعد اہل خانہ سمیت کراچی سے افغانستان فرار ہونے کی منصوبہ بندی کرچکے تھے۔ لیکن پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں بس اڈے سے گرفتار کرلیا۔

پولیس حکام نے صحافیوں کو مزید بتایا کہ مستونگ میں ہلاک ہونے والے دہشت گرد کے ساتھی شیراز اور ولی احمد نے افغانستان سے تربیت حاصل کی۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف انسداد دہشت گردی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے جس میں دھماکہ خیز مواد اور غیر قانونی اسلحہ ملنے کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

  • 16x9 Image

    محمد ثاقب

    محمد ثاقب 2007 سے صحافت سے منسلک ہیں اور 2017 سے وائس آف امریکہ کے کراچی میں رپورٹر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ وہ کئی دیگر ٹی وی چینلز اور غیر ملکی میڈیا کے لیے بھی کام کرچکے ہیں۔ ان کی دلچسپی کے شعبے سیاست، معیشت اور معاشرتی تفرقات ہیں۔ محمد ثاقب وائس آف امریکہ کے لیے ایک ٹی وی شو کی میزبانی بھی کر چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG