رسائی کے لنکس

'میرا قصور یہ ہے کہ میں نواز شریف کی بیٹی ہوں'


مریم نواز۔ فائل فوٹو
مریم نواز۔ فائل فوٹو

مریم نواز نے کہا کہ میں کبھی بھی لندن فلیٹس کی مالک نہیں رہی، میری اطلاعات کے مطابق لندن فلیٹس نوے کی دہائی کے آغازمیں نہیں خریدے گئے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کا کہنا ہے کہ میرا واحد قصور یہ ہے کہ میں نوازشریف کی بیٹی ہوں۔ اس حیثیت سے ہرسزا کے لئے تیار ہوں۔

اسلام آباد میں نیب عدالت میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج کے دور میں بیٹیاں سانجھی نہیں رہیں بلکہ آج کا دستور بیٹی کو باپ کی بڑی کمزوری بنا کر استعمال کرنا ہے۔ منصوبہ ساز جانتے ہیں باپ بیٹی کا رشتہ کتنا نازک ہوتا ہے۔ مجھے بھی بدعنوانی کی وجہ سے اس کیس میں ملوث نہیں کیا گیا بلکہ میرا واحد قصور یہ ہے کہ میں نوازشریف کی بیٹی ہوں اور فولاد کا دل رکھنے والے نوازشریف کو جھکانے کا واحد طریقہ بیٹی پر مقدمے بنانا ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ سب سے بڑی عدالت اللہ کی ہے، جہاں کوئی واٹس ایپ کالز نہیں ہوتیں۔ پاکستان کی بیٹی ہونے کی حیثیت سے ہر سزا کے لئے تیار ہوں اور میں اپنے والد کے بیانیہ کے ساتھ کھڑی ہوں۔ نوازشریف کی بیٹی اس کی کمزوری نہیں طاقت ہے۔

احتساب عدالت میں مریم نواز کا بیان کا جاری رہا جس میں مریم نواز نے کہا کہ بی وی آئی حکام سے کی گئی خط وکتابت مشکوک ہے۔ میرے موزیک فونیسکا سے کسی بھی طرح کبھی بھی کوئی خط وکتابت نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ میں ایون فیلڈ پراپرٹیز کو چلانے والی کسی بھی کمپنی کی بینیفشل اونر نہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ میں کبھی بھی لندن فلیٹس کی مالک نہیں رہی، میری اطلاعات کے مطابق لندن فلیٹس نوے کی دہائی کے آغازمیں نہیں خریدے گئے۔ جے آئی ٹی اور نیب کے تفتیشی افسر نے جان بوجھ کر منروا مینجمنٹ کو شامل تفتیش نہیں کیاتاکہ میرے حق میں آنیوالے حقائق کو چھپایا جاسکے۔

مریم نواز نے کہا کہ استغاثہ بری طرح کیس ثابت کرنے میں ناکام ہو چکا ہے۔

مریم نواز نے اب تک 130 سوالات کے جواب دے دیے ہیں۔ کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG