رسائی کے لنکس

دنیا کا مہنگا ترین کیلا ایک فن کار کھا گیا


اس کیلے کے فن پارے کی قیمت ایک لاکھ 20 ہزار ڈالر مقرر کی گئی تھی — فائل فوٹو
اس کیلے کے فن پارے کی قیمت ایک لاکھ 20 ہزار ڈالر مقرر کی گئی تھی — فائل فوٹو

دنیا کا مہنگا ترین کیلا ایک فن کار اس وقت کھا گیا جب بہت سے لوگوں کے سامنے اس نے دیوار پر ٹیپ سے چپکے کیلے کو اتارا اور اس کا چھلکا اتار کر کھانا شروع کر دیا۔

امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی میں فن پاروں کی نمائش میں ایک کیلا فروخت کے لیے پیش کیا گیا تھا جس کی قیمت ایک لاکھ 20 ہزار ڈالرز مقرر کی گئی تھی جو پاکستانی روپے میں لگ بھگ ایک کروڑ 85 لاکھ روپے بنتے ہیں۔

اس مہنگے ترین کیلے کو صرف ایک ٹیپ کے ذریعے دیوار پر چپکایا گیا تھا جبکہ اس فن پارے کا نام 'کامیڈین' رکھا گیا تھا۔

ڈیوڈ ڈاٹونا نامی ایک شخص نے انسٹا گرام پر ایک ویڈیو لگائی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ دیوار سے کیلا اتار کر اس کا چھلکا اتارتا ہے اور اسے کھانا شروع کر دیتا ہے۔

اس موقع پر وہاں موجود بہت سارے افراد موبائل سے اس کی ویڈیو بنانا شروع کر دیتے ہیں جبکہ کئی افراد اس سے پوچھتے ہیں کہ وہ کون ہے۔

ڈیوڈ ڈاٹونا کا کہنا تھا کہ وہ ایک فن کار ہے جبکہ یہ کیلا کھانا ایک ایسے فن کار کے فن کا مظاہرہ ہے جسے بہت بھوک لگی ہے۔

اس کے بعد وہ مزید کہتے ہیں کہ کیا اور کیلے ہیں۔ آپ کا بہت شکریہ ، یہ کافی مزیدار ہے۔

جیسے ہی یہ شخص کیلا کھا لیتا ہے تو نمائش کے انتظامی افراد اسے ایک جانب لے گئے اور ان سے کیلا کھانے کے بارے میں معلوم کرنے لگے۔

خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق انتظامیہ نے 15 منٹ کے بعد ایک اور کیلا ٹیپ سے دیوار پر چپکا دیا تھا۔

اس نمائش کے منتظمین میں شامل لوسیاں ٹیراس کا کہناتھا کہ اس فنکار نے کسی فن پارے کو نقصان نہیں پہنچایا۔ کیلا لگانا ایک خیال تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس اقدام سے کافی پریشانی والا ماحول پیدا ہو گیا تھا اور اس جگہ کافی بھیڑ بھی ہو گئی تھی جہاں یہ فن پارہ لگا ہوا تھا تاہم انتظامیہ اس میں شامل نہیں تھی۔

اس گیلری کی ڈائریکٹر پیگی لیبویوف کا کہنا تھا کہ کیلا کھانے والے شخص کو گرفتار نہیں کیا گیا تاہم اس کو نمائش سے چلے جانے کے لیے کہہ دیا گیا تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس شخص کے خلاف کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی نہیں کی جا رہی۔ اس کی تمام معلومات اور رابطہ انتظامیہ کے پاس موجود ہے۔

واضح رہے کہ کیلے کو فن پارے کے طور پر پیش کرنے کا انوکھا خیال اٹلی کے ایک معروف فن کار ماؤریزیو کیٹیلن کے دماغ میں آیا تھا جسے انہوں نے عملی جامہ پہناتے ہوئے اسے مہنگے داموں فروخت کے لیے پیش کیا تھا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ میامی میں کیلے کے اس آرٹ کے تین ایڈیشن فروخت کے لیے پیش کیے گئے تھے اور آرٹ مارکیٹ کی ایک ویب سائٹ 'آرٹ نیٹ' نے کہا تھا کہ ایسے ہی دو فن پارے ایک لاکھ 20 ہزار ڈالرز فی کیلے کے عوض فروخت ہو چکے ہیں۔ جس کے بعد آرٹ گیلری کے بانی نے آخری کیلے کی قیمت بڑھا کر ڈیڑھ لاکھ ڈالرز مقرر کی تھی۔

اٹلی کے ایک معروف فن کیٹیلن کی وجہ شہرت ان کے منفرد فن پارے ہیں جو عام روایتوں سے ہٹ کر ہوتے ہیں۔

اپنے ایک فن پارے کی وجہ سے کیٹیلن رواں سال خبروں کی زینت بنے تھے جب ان کا بنایا گیا ایک خالص سونے سے بنا کموڈ برطانیہ سے چوری ہو گیا تھا۔

سونے کا یہ کموڈ برطانیہ کے بلینہم پیلس میں جاری ایک فن پاروں کی نمائش میں رکھا گیا تھا جہاں سے اسے چرا لیا گیا۔ اس کموڈ کی قیمت لاکھوں امریکی ڈالرز تھی اور چوری کرنے والوں کا اب تک سراغ نہیں مل سکا ہے۔

XS
SM
MD
LG