رسائی کے لنکس

کراچی و حیدرآباد میں’الطاف حسین یونیورسٹیز‘ قائم ہوں گی


ان یونیورسٹیوں کی فیس سرکاری یونیورسٹی سے بھی کم ہوگی۔ یونیورسٹی میں 20 فیصد طلبہ مفت تعلیم حاصل کریں گے۔ اِن کی تعمیر کا کام جلد شروع ہو جائے گا، جبکہ اس کی تعمیر تقریباً ایک سال میں مکمل ہوجائے گی

پاکستان کے تعمیراتی سیکٹر میں نجی شعبے کا کردار بہت تیزی سے بڑھتا دکھائی دے رہا ہے۔ نجی شعبہ عرصے سے ہاوٴسنگ پروجیکٹس پر تو کام کرہی رہا ہے، مگر اب اس کے ذریعے، تعلیمی سیکٹر سے جڑے نئے نئے منصوبے بھی سامنے آرہے ہیں۔ انہی نئے منصوبوں میں سے ایک منصوبہ کراچی اور حیدرآباد میں جدید یونیورسٹیوں کی تعمیر ہے۔

جمعرات کی شام نجی تعمیراتی کمپنی ’بحریہ ٹاوٴن‘ کے چیئرمین، ملک ریاض نے گورنر ہاوٴس میں گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان کے ساتھ پریس کانفرنس میں مذکورہ دونوں شہروں میں یونیورسٹیز کے قیام کا اعلان کیا، تو اس خبر کاشہر بھر میں خوش دلی کے ساتھ خیر مقدم کیا گیا۔

پُرجوش خیر مقدم کی ایک وجہ یہ اعلان بھی تھا کہ دونوں یونیورسٹیز متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ الطاف حسین کے نام سے منسوب کی جائیں گی۔

اِسی لئے، جب رات گئے ملک ریاض گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کے ہمراہ متحدہ قومی موومنٹ کے مرکزی دفتر پہنچے، تو اُن کا نہایت پرجوش اور والہانہ انداز میں استقبال کیا گیا۔

گورنر ہاوٴس کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملک ریاض کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان یونیورسٹیوں کی فیس سرکاری یونیورسٹی سے بھی کم ہوگی۔ یونیورسٹی میں 20فیصدطلبہ مفت تعلیم حاصل کریں گے۔

یونیورسٹیزکی تعمیر کا کام جلد شروع ہوجائے گا،جبکہ اس کی تعمیر تقریباً ایک سال میں مکمل ہوجائے گی۔ ملک ریاض نے ایم کیو ایم کے مرحوم کارکنوں کے لواحقین کے لئے بحریہ ٹاوٴن میں پلاٹ دینے کا اعلان بھی کیا۔

ملک ریاض اور گورنر سندھ نے ایشین گیمز میں اچھی کارکردگی پر ہاکی ٹیم کو بالترتیب دس اور 50 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے پاکستان ہاکی ٹیم کو چیمپئن ٹرافی جیتنے پر 1کروڑ دینے کا اعلان بھی کیا۔

ادھر نائن زیرو پر ملک ریاض کی آمد کے موقع پر، ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین نے بھی خطاب کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ وہ حیدرآباد میں یونیورسٹی کے قیام کا بہت پرانا خواب رکھتے تھے۔ اللہ تعالیٰ نے ملک ریاض کو رحمت کا فرشتہ بناکر بھیجا ہے۔ آج67سال بعد، حیدرآباد کے عوام کی یونیورسٹی کی خواہش پوری ہوگئی۔

متحدہ کے ایک اور رہنما حیدرعباس رضوی کے مطابق، ’الطاف حسین یونیورسٹی کراچی‘ کا ڈیزائن تیار کر لیا گیا ہے، جبکہ حیدرآباد یونیورسٹی کا تعمیراتی کام اگلے ماہ شروع ہوجائے گا۔

تقریب سے ملک ریاض نے بھی خطاب کیا، جس میں ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے اتنا بڑا کام نہیں کیا جتنی بڑی عزت انہیں دی جارہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ماضی میں ان کے پاس اپنے بچوں کی فیس ادا کرنے کے لئے بھی پیسے نہیں ہوتے تھے۔ لیکن، آج سب کچھ ان کے پاس ہے اور وہ اسی لئے تعلیمی شعبے کو آگے بڑھتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں اور حقیقت میں یونیورسٹیز کے قیام کا مقصد بھی یہی ہے کہ غریب عوام کے بچوں کے لئے تعلیم کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا ہوں۔

ملک ریاض نے خاص طور سے اس بات کا ذکر کیا کہ سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما آصف علی زرداری نے انہیں خاص طور پر کراچی اور حیدرآباد میں قائم کی جانے والی یونیورسٹیز کو الطاب حسین کے نام سے منسوب کرنے کی ہدایت دی تھی۔

XS
SM
MD
LG