رسائی کے لنکس

مالی حکومت کا تختہ اُلٹ دیا گیا


مالی میں باغی فوجیوں نے کہا ہے کہ اُنھوں نے صدر آمادو ٹومانی ٹورے کی حکومت کا تختہ اُلٹ دیا ہے جس کی مدت آئندہ چند ہفتوں میں ختم ہونے والی تھی۔

صدارتی محل کے ارد گرد گزشتہ شب فائرنگ کے بعد فوجیوں کے ایک گروہ نے جمعرات کی صبح سرکاری ٹیلی ویژن پر یہ بیان دیا۔

فوجیوں کے ترجمان نے کہا کہ اُنھوں نے صدر ٹورے کی ’’نااہل حکومت‘‘ کا خاتمہ اور آئین کو معطل کر کے ملک کا نظامِ حکومت چلانے کے لیے ایک نئی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

ان فوجیوں نے ملک کے شمالی حصے میں ٹوریگ باغیوں سے نمٹنے کے لیے صدر کی حکمت عملی پر مایوسی کا اظہار کیا تھا۔

باغیوں نے کئی قصبوں پر قبضہ کر رکھا ہے جس کی وجہ سے ہزاروں افراد کو اپنا گھر بار چھوڑ کر محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی کرنا پڑی ہے۔

مالی کے دارالحکومت باکامو میں وائس آف امریکہ کے نامہ نگار قاسم ٹراورے کا کہنا ہے کہ فوجیوں نے فوری طور پر کرفیو نافذ کر دیا ہے اور لوگوں سے پُرسکون رہنے کی اپیل کی ہے۔

اُنھوں نے عوام کو یہ یقین دہانی بھی کرائی ہے کہ قومی یکجہتی کی بحالی اور علاقائی خود مختاری کے دوبارہ قیام کے بعد انتخابات کرائے جائیں گے۔

XS
SM
MD
LG