رسائی کے لنکس

حقیقی تبدیلی صرف تعلیم کے ذریعے ہی ممکن ہے: ملالہ


ملالہ نے کہا ہے کہ ’’ہم تعلیم کے ذریعے ہی ان بچوں کو روشن مستقبل دے سکتے ہیں۔ تعلیم بچوں کا بنیادی حق ہے۔ اسلئے اس پر توجہ دینا ضروری ہے۔‘‘ پاکستان کے حوالے سے، انھوں نے کہا کہ والدین کو چاہئیے کہ وہ بچیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں

عالمی سطح پر تعلیم نسواں کے لئے کوشاں دنیا کی کم عمر ترین پاکستانی طالبہ، ملالہ یوسف زئی کا یوم پیدائش 12 جولائی کو ہر سال ’ملالہ ڈے‘ کے طور پر منایا جاتا ہے۔

ملالہ نے بدھ کو اپنی بیسویں سالگرہ مشرق وسطیٰ میں پناہ گزیں لڑکیوں کے ساتھ منایا۔

اس موقعے پر، انہوں نے اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ ’’ملالہ ڈے ہر بچے اور بچی کا دن ہے۔ اور، گذشتہ سال میں نے یہ دن نائیجیریا، اردن اور کینیا میں ان بچوں کے ساتھ منایا تھا جو تعلیم کے زیور سے محروم ہیں؛ جب کہ اِس سال عراق اور شام سے بے گھر ہونے والی ان کُرد لڑکیوں کے ساتھ منا رہی ہوں جنہیں فنڈ اور وسائل کی کمی کی وجہ سے تعلیم حاصل کرنے میں مشکلات درپیش ہیں‘‘۔

ملالہ نے کہا ہے کہ ’’ہم تعلیم کے ذریعے ہی ان بچوں کو روشن مستقبل دے سکتے ہیں۔ تعلیم بچوں کا بنیادی حق ہے۔ اسلئے اس پر توجہ دینا ضروری ہے۔‘‘

پاکستان کے حوالے سے، انھوں نے کہا کہ والدین کو چاہئیے کہ وہ بچیوں کی تعلیم پر خصوصی توجہ دیں۔

انہوں نے پاکستانی حکومت پر زور دیا کہ وہ اپنے وعدے کو پورا کرتے ہوئے، بجٹ میں تعلیم کے شعبے کے لئے چار فی صد اضافہ کرے؛ کیونکہ، بقول ان کے، ’’ملک کی کامیابی اسی میں ہے‘‘۔

لڑکیوں کی تعلیم، حقوقِ نسواں اور امن کے لئے آواز اٹھانے والی ملالہ کی آواز کو دبانے کے لئے، طالبان نے 2012ء کو اس وقت ملالہ پر فائرنگ کی جب وہ سکول سے گھر جا رہی تھی۔ صحت یاب ہونے کے بعد، ملالہ دنیا بھر میں خواتین کی تعلیم کی آواز بن گئی۔

حملے میں زخمی ہونے والی ملالہ کی دوست شازیہ رمضان کہتی ہیں کہ ملالہ کی کوششوں کی بدولت آج بہت سی لڑکیوں کا سکول جانا ممکن ہوا ہے۔ اور ملالہ ان لڑکیوں کے لیے رول ماڈل ہیں جنہیں تعلیم حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

سوات قومی جرگے کے ترجمان، احمد شاہ نے ’وائس آف امریکہ‘ کی اردو سروس کو بتایا کہ ’’ملالہ نے جس مقصد کے لئے آواز اٹھائی تھی اور جس کو طالبان نے دبانے کی کوشش کی، وہ آج کافی توانا ہو چکی ہے‘‘۔

محروم بچوں کے لئے آواز اٹھانے والی ملالہ نے اپنی بیسویں سالگرہ کے موقعے پر ہمیشہ کی طرح ایک دفعہ پھر اس بات پر زور دیا ہے کہ’’حقیقی تبدیلی صرف تعلیم کے ذریعے ہی ممکن ہے‘‘۔

ملالہ اب تک ’نوبیل پرائز‘ سمیت، 40 سے زیادہ بین الاقوامی اعزازات اپنے اور پاکستان کے نام کر چکی ہیں۔

XS
SM
MD
LG