رسائی کے لنکس

’ہم ایوارڈز‘ مائرہ خان، صبا قمر اور میکال نے جیت لئے


پھر جب احسن خان، صبا قمر، سجل علی، شہروز سبزواری اور سائرہ سبزواری نے اپنی جاندار پرفارمنس پیش کی تو تقریب کی رونق دوچند ہوگئی ۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ڈرامہ سیریل ’صدقے تمہارے‘ اہم ترین ایوارڈز اپنے نام کرکے سرفہرست رہا

اس بار ’ہم ٹی وی ایوارڈز‘ کا میلہ دبئی میں سجا جسے دیکھنے کے لئے ایکٹرز، ڈائریکٹرز اور پروڈیوسرز کے ساتھ ساتھ ٹی وی انڈسٹری سے وابستہ انگنت شخصیات نے شرکت کی۔

ریڈ کارپٹ پر جیسے ستاروں کی کہکشاں اُتر آئی ہو۔ انوشے اشرف اور محسن عباس نے میزبانی کے فرائض انجام دیئے۔ یہ وہی جوڑی ہے جو پاکستان کی کامیاب فلموں میں سے ایک ’نامعلوم افراد‘ کے ذریعے شہرت کی بلندیوں کو پہنچی۔

ہم ٹی وی انتظامیہ کی جانب سے وائس آف امریکہ کو جاری معلومات کے مطابق انگنت دلوں کی دھڑکن حمزہ علی عباسی اور مارننگ شوز کی نامور ہوسٹ صنم جنگ اس جگمگاتی ہوئی شام کی پہلی میزبان جوڑی کی صورت میں اسٹیج پر آئے جبکہ دوسری میزبان جوڑی کے طور پر علی حماد بٹ اور واسع چوہدری اسٹیج پر براجمان ہوئے۔

پھر جب احسن خان‘ صبا قمر ‘ سجل علی ‘ شہروز سبزواری اور سائرہ سبزواری نے اپنی جاندار پرفارمنس پیش کی تو تقریب کی رونق دوچند ہوگئی۔ اس پر مشہور و معروف انڈین سنگر سونیدھی چوہان نے پاکستانی اور بھارتی گانوں پر پرفارمنس دی تو پوری محفل جھوم اٹھی۔

انتظامیہ کے رکن منہاس صغیر نے وی او اے کو بتایا کہ ڈرامہ سیریل ’صدقے تمہارے‘ اہم ترین ایوارڈز اپنے نام کرکے سرفہرست رہا۔ سیریل نے ’ناظرین کی پسند‘ کیٹیگریز میں بہترین ڈرامہ سیریل اور بہترین اداکارہ کے ساتھ ساتھ، بہترین اوریجنل ساوٴنڈ ٹریک، بہترین آن اسکرین جوڑی، بہترین مصنف (خلیل الرحمٰن) اور بہترین ڈائریکٹر (احتشام الدین) کے ایوارڈز اپنے نام کئے۔

اسی سیریل کے لئے بہترین خاتون فی میل ایکٹریس کا ایوارڈ ماہرہ خان کو دیا گیا جبکہ ’محبت صبح کا ستارہ ہے‘ کے ذوالفقار میکال نے بہترین میل ایکٹر کا ایوارڈ جیتا۔

بشریٰ انصاری نے احسن خان کو بہترین میل ایکٹر (جیوری) کا ایوارڈ ‘اپنے ہاتھوں سے دیا جبکہ ہمایوں سعید نے صبا قمر کو بہترین اایکٹریس (جیوری)کا ایوارڈ پیش کیا۔

سینئر ایکٹریس ثمینہ پیرزادہ نے فلم ’نامعلوم افراد‘ کی پوری ٹیم کو اسٹیج پر بلا کر سب کی کاوشوں کو سراہا۔ فلم کاروباری اعتبار سے بھی انتہائی کامیاب ثابت ہوئی اور 14کروڑ روپے کا بزنس کیا۔

پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت میں بھی بے پناہ کامیابیاں سمیٹنے والے اداکار فواد خان کو ان کی ناقابل فراموش اداکاری کے اعتراف میں ’انٹرنیشنل آئیکون ایوارڈ‘ دیا گیا۔

دیگر کیٹگریز میں ’اف میری فیملی‘ کو بہترین سٹ کام، ریحان شیخ اور منشاء پاشا کو بہترین معاون اداکار و اداکارہ، ’میں ککو اور وہ‘ کو بہترین ٹیلی فلم، حریم فاروق اور عدنان ملک کو بہترین نیو سنسیشن جبکہ بہترین منفی کردار اور بہترین مختصر فلم کے لئے سامعیہ ممتاز کے ایوارڈز بھی پیش کئے گئے۔

اس کے علاوہ صوفیانہ کلام گانے میں ملکہ رکھنے والی سنگر عابدہ پروین کو ’ایکسیلنس میوزک ایوارڈ‘ پیش کیا۔ عابدہ پروین نے اس موقع پر امیر خسرو کے چند قطعات بھی حاضرین کے روبہ رو کئے۔

انور مقصود کو ان کی صلاحیتوں کے اعتراف میں ’لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ‘دیا گیا۔ 30سالوں سے تسلسل کے ساتھ بے شمار سیریلز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ثمینہ پیرزادہ کو ’ایکسلنس ان ٹیلی ویژن ایوارڈ‘ پیش کیا گیا۔

سنگر فرحان سعید کو ’رویان‘میں بہترین موسیقی دینے پر ایوارڈ پیش کیا گیا۔ انہوں نے اپنا ایوارڈ پشاور حادثے کے متاثرین کے نام کرتے ہوئے ایک خوبصورت نظم بھی پیش کی۔

بہترین میوزک ویڈیو کا ایوارڈ شہاب قمر نے حاصل کیا۔ سیبل چوہدری نے بہترین فی میل ماڈل برائے فیشن اور شہزاد نور نے بہترین میل ماڈل کا ایوارڈ حاصل کیا۔

XS
SM
MD
LG