رسائی کے لنکس

قرنطینہ میں نہ رہیں، ہوٹل تشریف لائیں


کرونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں ہوٹلوں کی صنعت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ لوگ سفر نہیں کر رہے اس لیے ہوٹلوں کے کمرے خالی پڑے ہیں۔ ان حالات میں سوئٹزرلینڈ کی ایک ہوٹل کمپنی نے دلچسپ پیشکش کی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ ہوٹل میں قیام کرنے والوں کو معمول کی خدمات کے علاوہ اعلیٰ معیار کی طبی سہولتیں بھی فراہم کی جائیں گی۔

لے بی ژو کمپنی لگژری ہوٹل اور اپارٹمنٹس میں رہائش کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ اس نے کووڈ 19 کے نام سے نیا پیکج متعارف کرایا ہے جس میں مہمانوں کو ان کے کمرے میں کرونا وائرس ٹیسٹ، ڈاکٹر کے چیک اپ اور 24 گھنٹے نرسنگ کی خدمات فراہم کی جائیں گی۔

اس کمپنی کے ہوٹل جنیوا، زیورخ، باسل اور سوئٹزرلینڈ کے کئی دوسرے شہروں میں ہیں۔ اس کے چیف ایگزیکٹو الیگزینڈر ہوبنر نے بتایا کہ عالمگیر وبا کی وجہ سے لوگوں نے ہوٹلوں میں قیام کرنا بند کردیا تو ہمارے ذہن میں یہ نیا خیال آیا۔ شروع میں دن میں دو تین لوگ کال کرکے اس بارے میں پوچھتے تھے۔ اب تین گنا زیادہ کالز آرہی ہیں۔

لے بی ژو کے لکژری ہوٹل میں ایک کمرے کا ایک رات کا کرایہ 800 سے 2 ہزار ڈالر تک ہوتا ہے۔ یہاں سعودی شاہی خاندان کے ارکان کے علاوہ ایپل کے شریک بانی اسٹیو ووزنئیک اور 'وولف آف وال اسٹریٹ' کے مصنف جورڈن بیلفورٹ بھی قیام کرچکے ہیں۔

اب ہوٹل میں قیام کرنے میں وہ لوگ دلچسپی لے رہے ہیں جو کسی اعلیٰ معیار کی جگہ پر رہنا چاہتے ہیں، ٹیسٹ کے لیے عام اسپتالوں میں نہیں جانا چاہتے اور ڈاکٹر کے پاس جانے کے بجائے اسے بلانا چاہتے ہیں۔ ایسے لوگوں کے لیے یہ ہوٹل بہترین انتخاب ہیں۔

ہر مہمان معمول کی خدمات حاصل کرسکتا ہے جبکہ طبی سہولتوں کی فیس الگ ہے۔ کرونا وائرس ٹیسٹ کے لیے 500 ڈالر ادا کرنا پڑیں گے۔ دن میں دو بار نرس کو طلب کرنے کا معاوضہ 1800 اور چوبیس گھنٹے نرسنگ کی فیس 4800 ڈالر ہوگی۔

سوئٹزرلینڈ میں کرونا وائرس کے دس ہزار سے زیادہ کیسز سامنے آچکے ہیں اور تقریباً ڈیڑھ سو اموات ہوچکی ہیں۔ بدھ کو ساڑھے چھ سو نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی تھی جبکہ 27 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

اگرچہ ہوٹل کمپنی مہمانوں کا خیرمقدم کررہی ہے لیکن اس کا کہنا ہے کہ جن لوگوں میں وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے، وہ ہوٹل نہ آئیں کیونکہ سوئس حکومت نے مریضوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ جہاں موجود ہیں، وہیں رہیں۔

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق لے بی ژو واحد ہوٹل کمپنی نہیں ہے جو کرونا وائرس کی وجہ سے طبی سہولتیں فراہم کررہی ہے۔ ایشیا اور آسٹریلیا میں متعدد کمپنیاں ایسی خدمات اور پیکجز کی پیشکش کررہی ہیں۔

ان ہوٹلوں میں 14 دن قیام کی پیشکش کی جاتی ہے جس کے دوران مقامی اسپتالوں تک آنے جانے کی سہولت بھی فراہم کی جاتی ہے۔ آسٹریلیا کا نووٹیل سڈنی برائٹن بیچ ہوٹل بھی دو ہفتوں کے خود ساختہ قرنطینہ کے لیے بالکونی والے کمرے پیش کر رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG