اکیسویں صدی کی پولیس کی طرف سے عقابوں کو ہائی ٹیک دنیا میں ڈرونز کے مقابل اتارا جا رہا ہے، جو آسمان پر پراوز کرنے والے ایسے ڈرونز کو اپنا شکار بنائیں گے، جنھیں جرائم پیشہ افراد کی جانب سے کنٹرول کیا جاتا ہے۔
لندن کی پولیس اسکاٹ لینڈ یارڈ کا کہنا ہے کہ وہ آسمان پر پرواز کرنے والے غیر قانونی ڈرونز طیاروں کو پکڑنے کے لیے تربیت یافتہ شکاری عقابوں کا استعمال کرے گی۔
اخبار ٹائمز کے مطابق پولیس فورس کے کمشنر سر برنارڈ ہوگن ہاؤ نے پیر کو ایک بیان میں کہا کہ لندن پولیس غیر قانونی ڈرونز کا مقابلہ کرنے کے لیے ہالینڈ میں استعمال کی جانے والی حکمت عملی استعمال کرنے کے بارے میں غور کر رہی ہے۔
ہالینڈ کی پولیس عقابوں کو تربیت دینے کے لیے 'گارڈ فرام ابوو' نامی ایک کمپنی کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔ جو پرندوں کو آسمان پر ڈرونز طیاروں کا پتا لگانا سکھاتی ہے اور شکاری پرندوں کو ڈرونز پر حملہ کرنے اور اسے پکڑ کر زمین پر اتارنے کی تربیت فراہم کرتی ہے۔
جی ایف اے کمپنی کے بانی بین ڈی کیجزر نے کہا کہ شکاری پرندوں کی زیادہ متاثر کن خصوصیت میں سے ایک طاقت اور دوسرا ان کی رفتار ہے۔ یہ پرندہ شکار کرتے وقت اپنی طاقت اور رفتار دونوں کا استعمال کرتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ عقاب ہواؤں پر راج کرتا ہے اور خصوصی تربیت کے طریقوں کا استعمال کر کے انھیں ڈرونز کو پکڑنا سکھایا جا سکتا ہے۔
ایک یو ٹیوب کی ویڈیو میں ایک عقاب کو دکھایا گیا ہے جو ایک چھوٹے ڈرون طیارے کو اپنا شکار سمجھ کر اس پر حملہ کرتا ہے اور اسے اپنے پنجوں میں دبوچ کر نیچے لے آتا ہے اس ویڈیو نے لندن پولیس کمشنر سر برنارڈ ہوگن ہاؤ کی توجہ اپنی جانب مبذول کی، جنھیں ہالینڈ کی اسکیم نے بے حد متاثر کیا ہے۔
ڈرونز پائلٹ کے بغیر پرواز کرنے والے طیارے ہیں جنھیں ریموٹ کے ذریعے کنٹرول کیا جاتا ہے اسے پولیس افسران کی طرف سے مشکل علاقوں مثلاً چٹانوں اور جنگلوں میں فوٹیج حاصل کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
لیکن لندن پولیس کو جرائم پیشہ افراد کی طرف سے اس ٹیکنالوجی کا استعمال کرنے کے حوالے سےخدشات ہیں، جن میں ڈرونز کو غیر قانونی منشیات کی تجارت میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔
اسکاٹ لینڈ پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس جدید نئے خیالات اپنانے میں دلچسپی لے رہی ہے اور ڈچ پولیس کے عقاب کو استعمال کرنے کی حکمت عملی پر کام کیا جائے گا۔
تاہم ہالینڈ میں اس اسکیم نے تنازعہ کو جنم دیا ہے جہاں جانوروں کی بہبود کے کارکنوں کی طرف سے ڈرونز کا شکار کرنے والے عقابوں کے زخمی ہونے کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔