پیچھے ہٹنے کا سوال پیدا نہیں ہوتا، مستقبل اب ہمارا ہے: ابومحمد جولانی
ہیت تحریر شام کی قیات میں بشار الاسد حکومت ختم کرنے والی فورس کے کمانڈر ابو محمد جولانی نے کہا ہے کہ پیچھے ہٹنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور 2011 میں جو سفر شروع کیا تھا اسے جاری رکھا جائے گا۔
سرکاری ٹیلی وژن پر نشر ہونے والے اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مستقبل ہمارہا ہے۔
بشار الاسد نے اقتدر کی پُرامن منتقلی کے احکامات دے کر عہدہ اور ملک چھوڑا: روس
روس کی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ شامی صدر بشار الاسد پُرامن انتقالِ اقتدار کے احکامات جاری کرنے کے بعد اپنے عہدے سے دست بردار ہو ئے جس کے بعد انہوں نے ملک چھوڑ دیا ہے۔
روس کے جاری کردہ بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ بشار الاسد کہاں ہیں؟ تاہم یہ واضح کیا ہے کہ بشار الاسد کی روانگی سے قبل ہونے والی بات چیت میں روس شریک نہیں تھا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ شام میں موجود روس کے فوجی اڈے ہائی الرٹ پر ہیں تاہم انہیں فی الوقت کوئی خطرہ درپیش نہیں ہے۔
وزارتِ خارجہ کے مطابق ماسکو شامی اپوزیشن گروپس کے رابطے میں ہے اور تمام فریقوں پر تحمل اور تشدد سے باز رہنے کے لیے زور دے رہا ہے۔
شام کی آئندہ حکومت میں سب کو نمائندگی ملنی چاہیے: ترکیہ
ترکیہ کے وزیرِ خارجہ حقان فیدان نے کہا ہے کہ شام میں قائم ہونے والی حکومت میں تمام فریقوں کی نمائندگی ہونی چاہیے۔
دوحہ میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب شام کے لوگ اپنی تقدیر کا فیصلہ خود کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ شام اپنی تعمیر نو اور بحالی اپنے بل پر نہیں کرسکتا اس لیے علاقائی اور عالمی فریقین کو اس میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ دہشت گردوں کو شام کی صورتِ حال کا فائدہ اٹھانے کا موقع نہیں ملنا چاہیے۔
اس سوال پر کہ بشار الاسد کہاں ہیں؟ ترک وزیرِ خارجہ نے کہا کہ وہ اس پر تبصرہ نہیں کرسکتے تاہم انہوں ںے خیال ظاہر کیا کہ سابق شامی حکمران اپنا ملک چھوڑ چکے ہیں۔
دمشق میں ایرانی سفارتخانے میں توڑ پھوڑ
شام میں صدر بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کے بعد مشتعل افراد نے اتوار کی صبح دارالحکومت دمشق میں ایرانی سفارت خانے پر دھاوا بول دیا۔
رپورٹس کے مطابق مشتعل افراد نے حزب اللہ کے سابق رہنما حسن نصراللہ اور ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی کے سفارت خانے پر لگے پوسٹرز پھاڑ دیے۔
اس عمارت میں قائم متعدد دفاتر کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے۔