باغیوں کی دمشق میں ہوائی فائرنگ
امید ہے شام میں جلد از جلد استحکام آئے گا: چین
چین کی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ شام میں جلد از جلد استحکام کی واپسی کی امید ہے۔
شام میں مخالف جنگجو گروپس کے دمشق میں داخلے کے بعد بشار الاسد حکومت ختم ہونے پر اپنے بیان میں چینی وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ چین صورتِ حال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔
وزارتِ خارجہ کے مطابق شام میں موجود چینی شہریوں کے انخلا کے لیے معاونت فراہم کی جارہی ہے۔
بشار الاسد کی تصاویر اور مجسمے تباہ
شام میں باغیوں نے بشار الاسد کی حکومت ختم کی تو اس کے ساتھ ہی شہریوں نے سرکاری عمارتوں میں لگی سابق صدر کی تصاویر اتارنا شروع کر دیں۔ کئی مقامات پر بشار الاسد اور ان کے والد حافظ الاسد کے مجسمے بھی مسمار کیے گئے ہیں۔
شام کی سرحد پر لبنان سے واپس آنے والی گاڑیوں کی قطاریں
شام میں صدر بشارالاسد کی حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد شام اور لبنان کی سرحد پر اتوار کی صبح شام واپس جانے والی گاڑیوں کی قطاریں لگی ہوئی ہیں۔
لبنان میں مصںع اور بکا کے مقام سے بڑی تعداد میں شامی واپس اپنے وطن جا رہے ہیں۔
شام میں 2011 سے جاری خانہ جنگی کے بعد دیگر ممالک کی طرح لبنان میں بھی شامی پناہ گزینوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے۔
لبنان میں موجود شامی پناہ گزینوں نے کئی مقامات پر مقامی افراد کے ساتھ مل کر اسد حکومت کے خاتمے کا جشن بھی منایا ہے۔