رسائی کے لنکس

افغانستان سے مذاکرات: عمران خان نے علی امین گنڈا پور کے اعلان کی حمایت کر دی

اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ 'انہیں' علی امین گنڈاپور کے پاؤں پکڑنے چاہئیں کہ خدا کے واسطے جا کر افغانستان سے بات کرو۔

13:14 13.9.2024

پی ٹی آئی کے گرفتار 10 اراکین کو قومی اسمبلی پہنچا دیا گیا

اسلام آباد پولیس نے تحریکِ انصاف کے گرفتار 10 اراکینِ اسمبلی کو اسپیکر کو پروڈکشن آرڈر پر پارلیمنٹ ہاؤس پہنچا دیا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے گرفتار ارکانِ قومی اسمبلی کے رواں سیشن کے اجلاسوں میں پیش کرنے کے لیے پروڈکشن آڈر جاری کر رکھا ہے۔

13:06 13.9.2024

پی ٹی آئی کے گرفتار رہنماؤں کا جسمانی ریمانڈ کالعدم

فائل فوٹو
فائل فوٹو

اسلام آباد ہائی کورٹ نے تحریکِ انصاف کے گرفتار رہنماؤں کا جسمانی ریمانڈ کالعدم قرار دے دیا ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے جمعے کو پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری کے معاملے پر سماعت کی۔

عدالت نے گرفتار ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

واضح رہے کہ آٹھ ستمبر کو تحریکِ انصاف کے جلسے کے بعد اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے تھے۔ جب کہ نقاب پوش افراد نے پارلیمنٹ میں گھس کر بعض اراکین کو حراست میں لے لیا تھا۔

12:01 13.9.2024

پارلیمنٹ سے گرفتاریاں: 'یہ اسلام آباد پولیس ہے یا غنڈوں میں پھنسی رضیہ'، چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے ریمارکس

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پارلیمنٹ سے تحریکِ انصاف کے اراکینِ اسمبلی کی گرفتاریوں کے معاملے پر کہا ہے کہ پارلیمنٹ سے گرفتاریوں کے خلاف ایک درخواست آئی ہے۔ اس معاملے کو اسپیکر قومی اسمبلی دیکھ رہے ہیں لیکن یہ عدالت بھی دیکھ سکتی ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز پر مشتمل دو رکنی بینچ جمعے کو پی ٹی آئی کے جلسے کے بعد درج مقدمات اور گرفتاریوں کے معاملے کی سماعت کر رہا ہے۔

پراسیکیوٹر جنرل اسلام آباد نے عدالت کو بتایا کہ پی ٹی آئی کے جلسے میں ریاست مخالف خوف ناک تقاریر کی گئی ہیں۔

جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ کسی نے کتنا ہی سنگین جرم کیا ہو اسے فیئر ٹرائل کا حق ہے۔ اگر آپ کی بات مان لی جائے تو پھر قتل کے ملزم کا تو ان کاؤنٹر کر دیں۔

جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ ملک کے حالات دیکھیں اور آپ نے پارلیمنٹ کے اندر گھس کر اراکین کو گرفتار کرلیا، انتظار کرلیتے، اراکین کو باہر آنے دیتے۔ کیا کسی ادارے کا وقار باقی نہیں رہنے دینا؟ آپ کیا کر رہے ہیں، پارلیمنٹ تمام اداروں کی ماں ہے۔

چیف جسٹس نے کہا یہی کام پہلے اِس ہائی کورٹ میں کیا گیا اور اب پارلیمنٹ میں کر دیا۔

پراسیکیوٹر جنرل کے ایف آئی آر پڑھنے پر چیف جسٹس کے دلچسپ ریمارکس

دورانِ سماعت پراسیکیوٹر جنرل نے ایف آئی آر پڑھ کو عدالت کو بتایا کہ شیر افضل مروت سے پستول برآمد ہوا ہے۔ اس پر چیف جسٹس نے کہا کہ اس ایف آئی آر کا آتھر بھی دلچسپ ہے۔ جس نے بھی یہ ایف آئی آر لکھی ہے اس نے اچھی کامیڈی لکھی ہے جس پر پوری فلم بن سکتی ہے۔ کریڈٹ دینا ہو گا کہ بڑے عرصے بعد اچھی کامیڈی دیکھنے کو ملی ہے۔

ایف آئی آر کا متن سننے کے بعد چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ اسلام آباد پولیس ہے یا رضیہ جو غنڈوں میں پھنس گئی؟ جس پر عدالت میں قہقہے لگ گئے۔

جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ شعیب شاہین نے پستول رکھ لیا، بیرسٹر گوہر نے اسلحہ رکھ لیا، فلاں نے ڈانڈا مارا۔ یہ کیا ہے؟ کیا میں بیرسٹر گوہر کو نہیں جانتا، کیا ہم شعیب شاہین کو نہیں جانتے؟ یہ تضحیک ہے۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ اس مقدمے میں مضحکۂ خیز قسم کے الزامات لگائے گئے ہیں۔ چار دن ہو گئے ہیں آپ نے جو کرنا تھا وہ کر لیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو رکنی خصوصی بینچ نے پی ٹی آئی کے گرفتار رہنماؤں کا جسمانی ریمانڈ کالعدم قرار دینے کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا ہے اور چیف جسٹس نے کہا کہ وہ آج ہی اس پر فیصلہ سنائیں گے۔

11:26 13.9.2024

کارساز حادثہ: ملزمہ نتاشا کی دوسرے مقدمے میں ضمانت مسترد

کراچی کی ایک عدالت نے کارساز حادثے کی ملزمہ نتاشا دانش کی ضمانت مسترد کر دی ہے۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے جمعے کو امتناع منشیات ایکٹ کیس میں نتاشا کی درخواستِ ضمانت پر سماعت کی۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے ملزمہ کی درخواست مسترد کر دی۔

ملزمہ پر میتھا میٹا فائن یعنی آئس کے استعمال کے الزام میں سرکار کی مدعیت میں مقدمہ درج ہے جب کہ ملزمہ کی کار کی ٹکر سے ہلاک ہونے والے باپ بیٹے کے لواحقین کی جانب سے معاف کیے جانے پر عدالت نے نتاشہ کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG