رسائی کے لنکس

کراچی بار ایسوسی ایشن کا جسٹس منصور علی شاہ کو چیف جسٹس نامزد کرنے کا مطالبہ

کراچی بار ایسوسی ایشن نے 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کو آئین میں ترمیم کا حق ہے۔ لیکن جس طرح یہ حق استعمال کیا گیا اور ترمیم پاس کی گئی وہ پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن ہے۔

12:02 21.10.2024

بنوں میں امن مارچ میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک

بنوں میں قیامِ امن کے حوالے سے مارچ میں شرکت کے لیے مظاہرین کی بڑی تعداد گیٹ چوک میں جمع ہوگئی ہے۔

امن مارچ کے شرکا میں بیشتر سفید جھنڈے لہرا رہے ہیں ۔ مارچ سے خطاب میں مقررین کا کہنا تھا کہ امن مارچ کا مقصد ٹارگٹ کلنگ کا خاتمہ، لاپتا افراد کی بازیابی اور امن و امان کو یقینی بنانا ہے۔

امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ امن مارچ میں ارکانِ اسمبلی سمیت میئر اور بلدیاتی نمائندے بھی شریک ہوں گے ۔

بنوں کے امن مارچ میں شمالی وزیرستان، لکی مروت اور کرک کے قبائلی عمائدین بھی پہنچ چکے ہیں۔ اس مارچ کے موقع پر پیر کو بنوں میں تاجروں کی جانب سے مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال دی گئی ہے۔ ہڑتال میں تمام تر کاروباری مراکز اور بینک بند کر دیے گئے ہیں۔

مقررین کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے امن کمیٹی سے گزشتہ دھرنے میں 16 نکات کا معاہدہ کیا تھا۔ امن کمیٹی سے کیے گئے معاہدے پر عمل درآمد نہیں کیا گیا۔ صوبائی حکومت اگر مطالبات پورے نہیں کرسکتی تو معاہدہ کیوں کیا گیا۔

10:45 21.10.2024

اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں پر پابندی میں مزید توسیع

پنجاب کی صوبائی حکومت کے محکمۂ جیل خانہ جات نے اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں پر پابندی میں مزید توسیع کر دی ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق ملاقاتوں پر اس پابندی کا اطلاق عام قیدیوں کے ساتھ ساتھ سیاسی قیدیوں پر بھی ہوگا۔

صوبائی حکومت نے یہ واضح نہیں کیا کہ ملاقاتوں پر پابندی کب تک برقرار رہے گی کیوں کہ پابندی کا اطلاق تا حکمِ ثانی کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان بھی اڈیالہ جیل میں قید ہیں جب کہ ان کی پارٹی کی جانب سے ان سے ملاقات کے لیے حالیہ دنوں میں احتجاج کا اعلان بھی کیا گیا جو بعد ازاں مؤخر کر دیا گیا تھا۔

مقامی میڈیا کے مطابق پابندی میں توسیع کا فیصلہ سیکیورٹی خدشات کے باعث کیا گیا ہے۔ تاہم یہ واضح نہیں ہیں کہ ان خدشات کی نوعیت کیا ہے۔

جسٹس پروجیکٹ پاکستان (جے پی پی) کی دسمبر 2023 کی ایک رپورٹ کے مطابق سینٹرل جیل راولپنڈی میں، جس کو اڈیالہ جیل کہا جاتا ہے۔ لگ بھگ ساڑھے چھ ہزار قیدی ہیں جب کہ جیل کی گنجائش صرف دو ہزار دو سو قیدیوں کو رکھنے کی ہے۔

10:03 21.10.2024

آئینی ترمیم پر دستخط، ایوانِ صدر میں منعقدہ تقریب ملتوی

پاکستان کی پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے 26ویں آئینی ترمیم کی دو تہائی اکثریت کے ساتھ منظوری کے بعد اس پر صدر آصف علی زرداری دستخط کریں گے جس کے بعد یہ آئین کا حصہ بن جائے گی۔

مقامی میڈیا کے مطابق آئینی ترمیم پر صدر آصف زرداری آج دستخط کریں گے۔

اس حوالے سے صبح چھ بجے ایک تقریب کے انعقاد کا اعلان کیا گیا۔ بعد ازاں یہ تقریب ملتوی کردی گئی۔ رپورٹس کے مطابق دستخط کی تقریب آج دن میں کسی وقت ہو سکتی ہے۔

ایوان صدر میں 26ویں آئینی ترمیم پر دستخط کی تقریب میں ارکانِ پارلیمان بھی شریک ہوں گے۔ سینیٹ اور قومی اسمبلی 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری گزشتہ شب ہونے والی کارروائی میں دے چکے ہیں۔

09:43 21.10.2024

آئینی ترمیم کے بعد عدالتوں کو محکوم بنایا جائے گا: پی ٹی آئی

تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ آئینی ترمیم عدالتی نظام پر حملہ ہے۔ اس ترمیم کے بعد عدالتوں کو محکوم بنایا جائے گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ایوان اس وقت تک ترمیم نہیں کرسکتا جب تک مخصوص نشستیں پوری نہ ہوں۔


مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG