رسائی کے لنکس

براہِ راست انقرہ: ایوی ایشن کمپنی کے ہیڈکوارٹرز پر حملے میں چار افراد ہلاک، 14 زخمی

ترک صدر رجب طیب ایردوان کے مطابق حملہ آوروں نے سرکاری ادارے کی عمارت کے اندر داخل ہو کر بم پھینکے اور فائرنگ کی۔

16:18

اینٹنی بلنکن کے دورۂ اسرائیل میں بعض افراد نے ہوٹل کے باہر احتجاج

امریکہ کے وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن کے دورۂ اسرائیل کے موقع پر بعض افراد نے ہوٹل کے باہر احتجاج کیا ہے۔ ⁣

احتجاج کے دوران مظاہرین نے یرغمالوں کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں اور نعرے بازی بھی کی۔ اس سے قبل بھی اینٹنی بلنکن کے دورۂ اسرائیل کے موقع پر مظاہرین احتجاج کرتے رہے ہیں۔ ⁣

مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ اسرائیل فلسطینی عسکریت پسند تنظیم حماس کے ساتھ معاہدہ کر کے یرغمالوں کی رہائی کو ممکن بنائے۔ ⁣

اینٹنی بلنکن نے منگل کو اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو پر زور دیا ہے کہ وہ حماس کے رہنما یحییٰ سنوار کی ہلاکت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے غزہ میں حماس کے ساتھ جنگ ختم کریں اور یر غمالوں کی رہائی کو یقینی بنائیں۔ ⁣

اینٹنی بلنکن کا سات اکتوبر 2023 کو غزہ جنگ کے آغاز کے بعد سے گزشتہ ایک برس میں یہ خطے کا 11واں دورہ ہے۔ دورے کا مقصد غزہ میں جنگ بندی مذاکرات کے دوبارہ آغاز، امداد کی ترسیل میں بہتری اور لبنان جنگ میں کشیدگی میں کمی لانا ہے۔ ⁣

اس دورے کے دوران امکان ہے کہ اینٹنی بلنکن خطے کے دیگر ممالک کا بھی دورہ کریں گے اور بدھ کو اردن پہنچیں گے۔ ⁣

اسرائیل حماس جنگ کا آغاز حماس کے سات اکتوبر دو ہزار تئیس کو جنوبی اسرائیل پر غیر متوقع دہشت گرد حملے کے بعد ہوا تھا۔ اسرائیلی حکام کے مطابق حملے میں بارہ سو افراد ہلاک ہوئے تھے جب کہ حماس کے زیرِ انتظام غزہ کے محکمۂ صحت کے مطابق جنگ میں تقریباً بیالیس ہزار فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔⁣

16:13

اینٹنی بلنکن کی جمعے کو عرب وزرائے خارجہ سے ملاقات طے

امریکہ کے وزیرِ خارجہ اینٹی بلنکن جمعے کو برطانیہ میں عرب وزرائے خارجہ سے ملاقات کریں گے۔

اینٹنی بلنکن جمعرات کو مشرقِ وسطیٰ کا دورہ مکمل کرکے برطانیہ روانہ ہوں گے۔

16:12

امریکی وزیرِ خارجہ سعودی عرب کے بعد قطر جائیں گے

امریکہ کے وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن آج سعودی عرب پہنچے ہیں جہاں وہ مشرقِ وسطیٰ کی صورتِ حال پر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔

امریکی محکمۂ خارجہ کے ایک عہدیدر نے بتایا ہے کہ امریکی وزیرِ خارجہ سعودی عرب کے بعد قطر جائیں گے۔

اینٹنی بلنکن ممکنہ طور پر کل قطر پہنچیں گے۔

16:03

حیفا یونیورسٹی کا اکیڈمک ایئر تاخیر سے شروع کرنے کا فیصلہ

اسرائیل کی حیفا یونیورسٹی نے اعلان کیا ہے کہ وہ تعلیمی سال تاخیر سے شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اسرائیلی یونیورسٹیوں میں تعلیمی سال کا آغاز تین نومبر کو ہو رہا ہے جب کہ حیفا یونیورسٹی نے ایک ہفتہ تاخیر سے 10 نومبر کو تعلیمی سال شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یونیورسٹی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس نے یہ فیصلہ دفاعی حکام اور دیگر اداروں کی مشاورت سے کیا ہے۔ شمالی اسرائیل میں حکام نے تعلیمی اداروں میں طلبہ کے حاضر کو تدریس پر پابندی عائد کی ہوئی ہے۔

گزشتہ برس حماس کے حملے کے بعد بھی بعض یونیورسٹیوں میں تعلیمی سال تاخیر سے شروع کیا گیا تھا۔ کئی جامعات میں دسمبر میں کلاسوں کا آغاز ہوا تھا۔

اس دوران زیرِ تعلیم نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد کو ریزو اہلکاروں کے طور پر خدمات انجام دینے کے لیے بھی طلب کیا جاتا رہا ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG