رسائی کے لنکس

براہِ راست انقرہ: دفاعی ادارے کے ہیڈکوارٹرز میں دھماکہ، ہلاکتوں کا خدشہ

ترک وزیرِ داخلہ علی یرلیکایا کا کہنا ہے کہ دارالحکومت انقرہ کے قریب ترک ایئر اسپیس انڈسٹریز ہیڈکوارٹرز میں 'دہشت گرد' حملے میں متعدد افراد ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے ہیں۔

20:00

حزب اللہ نے ہاشم صفی الدین کی ہلاکت کی تصدیق کر دی

لبنان کی عسکری تنظیم حزب اللہ نے اپنے رہنما ہاشم صفی الدین کی اسرائیلی حملے میں ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔ حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ کی ہلاکت کے بعد ہاشم صفی الدین کو تنظیم کا متوقع سربراہ سمجھا جا رہا تھا۔

وہ حسن نصراللہ کی ہلاکت کے بعد ڈپٹی سیکریٹری جنرل نعیم قاسم کے ساتھ مل کر حزب اللہ کی قیادت کر رہے تھے۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ تین ہفتے قبل بیروت میں ایک کارروائی کے دوران ہاشم صفی الدین بھی مارے گئے تھے۔

19:22

انقرہ: ترک ایئرو اسپیس ہیڈکوارٹرز میں دھماکہ، ہلاکتوں کا خدشہ

ترک وزیرِ داخلہ علی یرلیکایا کا کہنا ہے کہ دارالحکومت انقرہ کے قریب ترک ایئر اسپیس انڈسٹریز ہیڈکوارٹرز میں 'دہشت گرد' حملے میں متعدد افراد ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے ہیں۔

ترک میڈیا کے جائے وقوعہ سے زوردار دھماکے اور فائرنگ کی آوازیں بھی سنائی دی ہیں تاہم بعض میڈیا رپورٹس میں خودکش حملے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔

18:25

شمالی کوریا کے فوجی یوکرین میں تعینات ہوئے تو یہ سنگین معاملہ ہو گا: امریکی وزیرِ دفاع

امریکی وزیرِ دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے روس میں اپنے فوجی بھیجنے کے شواہد ملے ہیں۔

امریکی وزیرِ دفاع کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جنوبی کوریا نے دعویٰ کیا تھا کہ شمالی کوریا نے اپنے تین ہزار فوجی روس بھیجے ہیں، جو وہاں ڈرونز کے استعمال اور دیگر سازوسامان کی تربیت کے بعد یوکرین کے خلاف لڑنے کے لیے تعینات کیے جائیں گے۔

روم میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیرِ دفاع کا کہنا تھا کہ "یہ دیکھنا ہو گا کہ وہ وہاں کیا کر رہے ہیں، ٰیہ وہ معاملات ہیں جنہیں حل کرنے کی ضرورت ہے۔"

امریکی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اگر واقعی شمالی کوریا کے فوجی یوکرین میں لڑنے کے لیے بھیجے جاتے ہیں تو یہ بہت سنگین معاملہ ہو گا۔ اس کا اثر نہ صرف یورپ بلکہ ہند بحرالکاہل پر بھی پڑے گا۔

16:19

اسرائیلی فوج کا لبنان میں ایک مسجد سے ہتھیار برآمد کرنے کا دعویٰ

اسرائیل کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے جنوبی لبنان میں ایک مسجد سے بڑی تعداد میں ہتھیار برآمد کیے ہیں۔

فوج کے مطابق برآمد کیے گئے ہتھیاروں میں رائفلیں، راکٹ لانچر، اسنائپرز، اینٹی ٹینک میزائل اور دیگر اسلحہ شامل ہے۔


مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG