بلنکن کا یحییٰ سنوار کی ہلاکت کے بعد نیتن یاہو پر غزہ جنگ بندی کے لیے دباؤ
امریکی وزیر خارجہ انٹنی بلنکن نے منگل کے روز اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو پر زور دیا کہ وہ حماس کے رہنما یحییٰ سنوار کی ہلاکت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے غزہ میں حماس کے ساتھ جنگ ختم کریں اور 101 باقی یر غمالوں کی رہائی کو یقینی بنائیں، جن میں سے تقریباً 60کے بارے میں خیال ہے کہ وہ زندہ ہیں
ڈھائی گھنٹے کی میٹنگ کے بارے میں نیوز کے مطابق نیتن یاہو نے بلنکن کو بتایا کہ سنوار کی ہلاکت یرغمالوں کی رہائی اور اسرائیل کے لیے بحیرہ روم کے ساتھ واقع غزہ کی پٹی میں حماس کی حکمرانی کے خاتمے کے اسکے مقصد کے حصول پر "مثبت اثر" ڈال سکتی ہے۔
ایک سال سے زیادہ عرصہ سے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ شروع ہونے کے بعد سے مشرق وسطیٰ کے اپنے 11ویں دورے میں امریکہ کے اعلیٰ ترین سفارت کار نے نیتن یاہو پر یہ دباؤ بھی ڈالا کہ وہ غزہ میں قحط زدہ فلسطینیوں، خاص طور پر شمالی غزہ میں مسلسل لڑائی سے پھنسے ہوئے ان ہزاروں شہریوں تک مزید انسانی امداد پہنچانے کی اجازت دیں جہاں تک امداد پہنچانا مشکل ہے ۔
محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا کہ بلنکن نے اسرائیلی رہنما پر زور دیا کہ "غزہ میں تنازع اس طرح ختم کیا جائے جو اسرائیلیوں اور فلسطینیوں دونوں کو یکساں طور پر پائدار سیکیورٹی فراہم کرے۔"
’حزب اللہ سے منسلک مالیاتی کمپنی پر اسرائیلی بمباری کی جنگی جرم کے طور تحقیقات ہونی چاہیے‘
انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے منگل کو کہا کہ اسرائیلی فوج کی لبنان میں حزب اللہ سے منسلک مالیاتی کمپنی پر بمباری کی جنگی جرم کے طور تحقیقات ہونی چاہیے۔
القرد الحسن نام کی کمپنی مالی بحران کے دوران لبنانی شہریوں کے لیے لائف لائن سمجھی جاتی ہے۔
امریکہ نے اس کمپنی پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیں اور کہا ہے کہ حزب اللہ اس کمپنی کی آڑ میں عالمی مالیاتی نظام تک رسائی حاصل کرتی ہے۔
اسرائیل کا الزام ہے کہ القرد الحسن کمپنی حزب اللہ کے دہشت گردی کے آپریشنز کو مالی مدد فراہم کرتی ہے۔ اس لیے اسرائیل نے اس کمپنی کی لبنان میں شاخوں کو اتوار کو دیر گئے اور پیر کی صبح عسکری کارروائیوں کا نشانہ بنایا۔
ایمنسٹی نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل کا القرد الحسن کو نشانہ بنانا ممکنہ طور پر بین الاقو امی انسانی ہمدردی کے قانون کی خلاف ورزی ہے اور اس کی جنگی جرم کے طور پر تفتیش ہونی چاہیے۔
بیان میں کہا گیا کہ جنگ کے قوانین کے تحت مالیاتی اداروں کی شاخیں سویلین مقامات ہیں تاوقتیکہ انہیں فوجی مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے۔
’’لہذا یہ حملے ممکنہ طورپر سویلین مقامات پر حملے ہیں۔‘‘
عراق: داعش کے اعلیٰ رہنما سمیت نو کمانڈروں کی ہلاکت کا دعویٰ
عراق میں اعلیٰ حکام نے اعلان کیا ہےکہ سیکیورٹی فورسز نے شمالی پہاڑوں میں ایک حملے میں ملک میں داعش کے نو کمانڈروں کو ہلاک کر دیا ہے۔
عراقی جوائنٹ آپریشنز کمانڈ نے ایک بیان میں کہا کہ انسدادِ دہشت گردی فورسز نےداعش کے "نو دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جن میں خود کو داعش عراق کا گورنر کہنے والے محمد عبدالقادر الجاسم بھی شامل تھے۔
سیکیورٹی تجزیہ کاروں کے مطابق جاسم نے لگ بھگ ایک سال قبل عراق میں داعش کا کنٹرول سنبھالا تھا۔