حزب اللہ کا اسرائیلی ڈرون تباہ کرنے کا دعویٰ
لبنان کی عسکری تنظیم حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اتوار کو اسرائیل کا ایک ڈرون تباہ کر دیا ہے۔
حزب اللہ کی جانب سے یہ واضح نہیں کیا گیا کہ اس نے ڈرون کو کہاں نشانہ بنایا ہے۔
عسکری تنظیم کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس نے اسرائیل کا ہرمز 450 ڈرون مار گرایا ہے۔
بیروت میں ہوائی اڈے کے قریب حملے
اسرائیل کی فوج لبنان کے دارالحکومت بیروت کے جنوبی علاقوں، مشرق میں وادیٴ بیکا اور دیگر علاقوں سے انخلا کے انتباہی پیغامات شہریوں کو بھیج رہی ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ مختلف ایسی غیر مصدقہ ویڈیوز بھی سامنے آئی ہیں جن میں بیروت کے واحد ہوئی اڈے کے قریب بمباری کی جا رہی ہے۔
اسرائیلی حملوں کے باوجود ابھی تک بیروت کا ہوائی اڈہ فعال ہے۔
اسرائیل کے جنگوں کے سبب بھاری مالی اخراجات
اسرائیل کو غزہ اور لبنان میں جنگوں کے سبب بہت زیادہ مالی اخراجات برداشت کرنے پڑ رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق غزہ میں جنگ کے آغاز سے قبل اسرائیل کے ماہانہ فوجی اخراجات پر ایک ارب 80 کروڑ ڈالر خرچ کیے جا رہے تھے جو گزشتہ سال کے آخر میں چار ارب 80 کروڑ سے تجاوز کر چکے تھے۔
اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ اسنٹی ٹیوٹ کے مطابق اسرائیلی حکومت نے گزشتہ برس فوج پر لگ بھگ 27 ارب 50 کروڑ ڈالر خرچ کیے ہیں۔