رسائی کے لنکس

جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملوں کا ایک منظر، فوٹو اے ایف پی، 16 اکتوبر 2024
جنوبی لبنان میں اسرائیلی حملوں کا ایک منظر، فوٹو اے ایف پی، 16 اکتوبر 2024

اسرائیل کا حزب اللہ کے 300 اہداف پر حملہ، امریکہ کا جنگ کے خاتمے کا مطالبہ

اسرائیل نے پیر کو کہا کہ اس نے حزب اللہ کے مالیاتی ونگ کوہدف بنانے کے لیے اپنی کارروائی کو تیز کرتے ہوئے 24 گھنٹوں کے دوران لبنان میں اس کے لگ بھگ 300 اہداف کو نشانہ بنایا، جب کہ امریکہ نے جنگ کو "جلد از جلد" ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔

13:27 21.10.2024

اسرائیل کی حزب اللہ کے مالیاتی ادارے کو نشانہ بنانے کی کوشش

اسرائیل کی فوج نے اعلان کیا ہے کہ وہ لبنان میں حزب اللہ کے مالیاتی بازو کو نشانہ بنا رہی ہے۔

فوج نے اتوار کو جاری بیان میں یہ بھی کہا ہے کہ وہ بیروت اور دیگر مقامات کو بھی اس کی تنصیبات کو نشانہ بنا رہی ہے۔

اسرائیلی انٹیلی جینس کے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ ’القرد الحسن‘ نامی ادارے کو پورے لبنان میں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

اسرائیلی اہلکاروں کا دعویٰ ہے کہ القرد الحسن وہ ادارہ ہے جو حزب اللہ کے اہلکاروں کو ادائیگیاں کرتا ہے جب کہ یہ عسکری تنظیم کو اسلحہ خریدنے میں بھی معاونت کرتا ہے۔

یہ ادارہ مالیاتی معاونت فراہم کرتا ہے۔ البتہ امریکہ اور سعودی عرب اس پر پابندیاں عائد کر چکے ہیں۔

13:28 21.10.2024

جنگ بندی کی کوشش، امریکی ایلچی کی لبنان آمد

امریکہ کے ایلچی آموس ہوچسین پیر کو لبنان کے دارالحکومت بیروت پہنچ رہے ہیں۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ امریکی ایلچی اس دورے کے دوران لبنانی حکام سے اسرائیل اور عسکری تنظیم حزب اللہ کے درمیان جنگ بندی کے حوالے سے تبادلۂ خیال کریں گے۔

امریکی ایلچی ایسے وقت میں لبنان کا دورہ کر رہے ہیں جب حزب اللہ کے اسرائیل پر راکٹ حملے جاری ہیں جب کہ اسرائیلی فورسز لبنان میں بمباری کو وسعت دے رہی ہیں۔

13:30 21.10.2024

امریکہ کا میزائل سسٹم ’تھاڈ‘ اسرائیل میں نصب

امریکہ کے وزیرِ دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا ہے کہ امریکی فوج کا اسرائیل پہنچایا گیا جدید میزائل شکن دفاعی نظام ’تھاڈ‘ نصب کر دیا گیا ہے۔

لائیڈ آسٹن نے یہ واضح نہیں کیا کہ یہ نظام تنصیب کے بعد فعال بھی کیا گیا ہے یا نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس دفاعی نظام کو بہت تیزی کے ساتھ فعال یا آپریشنل کیا جا سکتا ہے۔

ان کے بقول اس کی تنصیب توقع کے مطابق ہو رہی ہے۔

14:14 21.10.2024

تین لبنانی فوجیوں کی ہلاکت، اسرائیل نے معافی مانگ لی

اسرائیل نے جنوبی لبنان میں اس کی فورسز کی ایک کارروائی میں تین لبنانی فوجیوں کی ہلاکت پر معافی مانگ لی ہے۔

پیر کو یہ معافی ایسے موقع پر مانگی گئی ہے جب اسرائیلی فوج کی جنوبی لبنان میں بمباری جاری ہے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے اتوار کو ایک ٹرک کو نشانہ بنایا تھا جو اس علاقے میں داخل ہوا تھا جہاں قبل ازیں حزب اللہ کے ایک ٹرک کو تباہ کیا گیا تھا۔ حزب اللہ کے اس ٹرک میں راکٹ لانچر نصب تھا۔

اسرائیلی فوج کے مطابق اتوار کو جس ٹرک کو تباہ کیا گیا ہے اس کے حوالے سے فوجیوں کو علم نہیں تھا کہ یہ لبنان کی آرمی کا ٹرک ہے۔

اسرائیل کی فوج نے کہا ہے کہ وہ لبنان کی فوج کے خلاف کارروائی نہیں کر رہی ہے اور وہ گزشتہ روز بننے والے صورتِ حال پر معذرت خواہ ہے۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG