رسائی کے لنکس

ایران کی اسرائیلی حملے میں ایک سویلین ہلاکت کی تصدیق، مؤثر جواب دینے کا بھی اعلان

ایران کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی حملے کا 'مؤثر جواب' دیا جائے گا۔

09:40 28.10.2024

مشرقِ وسطیٰ کی صورتِ حال اور گزشتہ روز پیش آنے والے واقعات سے متعلق جاننے کےلیے یہاں کلک کریں۔

09:41 28.10.2024

مصر کی غزہ میں دو روزہ عارضی جنگ بندی کی تجویز

مصر کے صدر جنرل ریٹائرڈ عبد الفتاح السیسی نے غزہ میں دو روزہ جنگ بندی اور محدود تعداد میں یرغمالیوں کی رہائی کی تجویز پیش کی ہے۔

صدر عبد الفتاح السیسی نے یہ تجویز ایسے موقع پر دی ہے جب غزہ میں جاری جنگ کو ایک برس سے زیادہ عرصہ ہو چکا ہے۔ حماس اور اسرائیلی فوج کے درمیان لڑائی جاری ہے جب کہ لگ بھگ سو یرغمالی اب بھی حماس کی تحویل میں ہیں۔

عبد الفتاح السیسی کی جانب سے پیش کی گئی تجویز میں کہا گیا ہے کہ غزہ سے یرغمالوں کی واپسی کے بدلے میں اسرائیلی جیلوں سے فلسطینی قیدیوں کی رہائی کی جائے۔

قاہرہ میں اتوار کو پریس کانفرنس میں مصری صدر نے کہا کہ دو روزہ جنگ بندی میں غزہ سے چار یرغمالوں کو رہا کیا جائے جس کے بدلے میں اسرائیلی جیلوں سے فلسطینیوں کو رہا کیا جائے اور پھر مزید دس دن تک اس پر مذاکرات ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان کی یہ تجاویز غزہ کا انتظام سنبھالنے والی عسکری تنظیم حماس یا اسرائیل کو بھی پیش کی جا چکی ہیں۔


09:47 28.10.2024

اسرائیل میں ڈرائیور نے ٹرک بس اسٹاپ پر کھڑے افراد پر چڑھا دیا

اسرائیل کے وسطی شہر رامات ہاشارون میں اتوار کو ایک ڈرائیور نے اپنا ٹرک بس اسٹاپ پر کھڑے افراد پر چڑھا دیا جس کے نتیجے میں کم از کم 29 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

یہ واقعہ خفیہ ایجنسی ’موساد‘ کے ہیڈ کوارٹرز کے قریب پیش آیا ہے۔

پولیس کے مطابق ٹرک ڈرائیور کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔ حکام نے تاحال یہ واضح نہیں کیا کہ یہ حملہ تھا یا واقعہ حادثہ تھا۔

09:47 28.10.2024

ایران پر اسرائیل کا حملہ؛ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب

اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے ایران پر اسرائیل کے حملوں پر آج ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے۔

سلامتی کونسل کے مطابق ہنگامی اجلاس ایران کی درخواست پر طلب کیا گیا ہے۔

اجلاس میں ایران پر اسرائیل کے ہفتے کو کیے گئے حملوں پر بات چیت کی جائے گی۔

اسرائیل نے یکم اکتوبر کو ایران کی جانب سےحملے کے جواب میں ایران پر حملے کیے تھے۔

ایران نے اتوار کو اجلاس طلب کرنے کی درخواست دی تھی جس کی حمایت الجزائر، چین اور روس نے کی تھی۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG