رسائی کے لنکس

حماس ہتھیار ڈال دے اور یرغمالوں کو رہا کردے تو جنگ ختم ہو سکتی ہے: اسرائیلی وزیرِ اعظم کا جنرل اسمبلی سے خطاب

نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل امن کا خواہاں ہے۔ لیکن ہمیں دشمنوں کا سامنا ہے جو ہماری تباہی چاہتے ہیں اور ہمیں ان "وحشی قاتلوں" سے اپنا دفاع کرنا چاہیے۔

19:52 27.9.2024

اسرائیل اور سعودی عرب کا امن معاہدہ قریب نظر آ رہا تھا کہ 7 اکتوبر آگیا: نیتن یاہو

اسرائیل کے وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ سات اکتوبر کے حماس کے حملے کے بعد سے اسرائیل لبنان سمیت کئی محاذوں پر اپنے دفاع کے لیے مجبور ہوا ہے۔

جمعے کو اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب میں نیتن یاہو نے کہا کہ اس سال ان کا یہاں آنے کا ارادہ نہیں تھا۔ ان کا ملک جنگ میں ہے اور اپنی بقا کے لیے لڑ رہا ہے۔

اسرائیلی وزیرِ اعظم کے خطاب کے دوران پاکستان سمیت بعض ممالک کی جانب سے واک آؤٹ کیا گیا۔

نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل امن کا خواہاں ہے۔ لیکن ہمیں دشمنوں کا سامنا ہے جو ہماری تباہی چاہتے ہیں اور ہمیں ان "وحشی قاتلوں" سے اپنا دفاع کرنا چاہیے۔

اسرائیلی وزیرِ اعظم نے کہا کہ سعودی عرب اور اسرائیل کے درمیان تعلقات معمول پر آنے کا معاہدہ بہت قریب نظر آرہا تھا کہ پھر سات اکتوبر آ گیا۔ "غزہ سے ایران کے حمایت یافتہ ہزاروں حماس کے دہشت گرد ٹرکوں، موٹرسائیکلوں پر اسرائیل میں گھس آئے۔ اور انہوں نے ناقابلِ تصور مظالم کیے۔"

نیتن یاہو نے کہا کہ حماس نے اس حملے میں 1200 افراد کو ہلاک اور 251 کو یرغمال بنایا جن میں سے 154 یرغمالوں کو واپس اسرائیل لایا جا چکا ہے۔ ان میں سے 117 کو زندہ واپس لایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت تک آرام نہیں کریں گے جب تک تمام یرغمالوں کو واپس گھر نہیں لے آتے۔

واضح رہے کہ اسرائیل اور حماس کا حالیہ تنازع سات اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر دہشت گرد حملے کے بعد شروع ہوا تھا جس میں بارہ سو افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اسرائیل کی جوابی کارروائیوں میں حماس کے زیرِ انتظام غزہ کے محکمۂ صحت کے مطابق اب تک چالیس ہزار سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔⁣⁣

نیتن یاہو نے کہا کہ ان کا تہران کے 'ظالموں' کے لیے ایک پیغام ہے۔ "اگر تم نے ہم پر حملہ کیا تو ہم تم پر حملہ کریں گے۔" اور ایران میں کوئی ایسی جگہ نہیں جہاں تک اسرائیل نہ پہنچ سکے۔

اسرائیلی وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ ایران کو جوہری ہتھیار بنانے سے روکنے کے لیے اسرائیل اپنی پوری قوت استعمال کرے گا۔ سلامتی کونسل سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ ایران کو جوہری ہتھیار بنانے سے روکنے کے لیے اس پر پابندیاں عائد کرے۔

نیتن یاہو نے کہا کہ وہ اس اسمبلی اور یہاں سے باہر دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ "ہم جیت رہے ہیں۔"

اسرائیلی وزیرِ اعظم نے کہا کہ یہ جنگ اب ختم ہو سکتی ہے۔ بس حماس ہتھیار ڈال دے اور تمام یرغمالوں کو رہا کر دے۔ لیکن اگر وہ ایسا نہیں کرتے تو ہم فتح حاصل کرنے تک لڑیں گے۔ اس کا کوئی متبادل نہیں ہے۔

16:42 27.9.2024

اسرائیل لبنان کشیدگی کا حل صرف سفارت کاری میں ہے: امریکہ

امریکہ کے محکمۂ خارجہ کی اردو ترجمان مارگریٹ میکلارڈ نے کہا ہے کہ جنوبی لبنان اور شمالی اسرائیل سے جو اطلاعات آ رہی ہیں وہ بہت تشویش ناک ہیں۔ امریکہ فریقین پر زور دیتا ہے کہ جنگ سے کوئی بھی فریق فائدہ نہیں اٹھا سکتا۔ ترجمان نے وائس آف امریکہ کے نمائندے علی فرقان سے پاک امریکہ تعلقات سمیت دیگر امور پر بھی گفتگو کی ہے۔

15:44 27.9.2024

نیتن یاہو آج اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے

اسرائیل کے وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو آج اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔

نیتن یاہو کا یہ خطاب ایک ایسے موقع پر ہو رہا ہے جب غزہ میں جنگ بندی اور لبنان میں اسرائیل اور حزب اللہ کے تنازع کے خاتمے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔

15:27 27.9.2024

اسرائیل آئندہ دنوں میں لبنان میں جنگ بندی کی تجاویز پر بات چیت جاری رکھے گا: نیتن یاہو

اسرائیل کے وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو نے جمعے کو کہا ہے کہ آئندہ دنوں میں اسرائیل لبنان کے لیے جنگ بندی کی تجاویز پر بات چیت جاری رکھے گا۔

بن یامین نیتن یاہو کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایک روز قبل جمعرات کو اسرائیل کے وزیرِ خارجہ نے لبنان میں ایران کی حمایت یافتہ عسکری تنظیم حزب اللہ کے ساتھ جنگ بندی کے عالمی مطالبے کو مسترد کردیا تھا اور حملوں کے ساتھ آگے بڑھنے پر زور دیا تھا۔

واشنگٹن نے بھی خبردار کیا ہے کہ فریقین کے درمیان مزید کشیدگی دونوں طرف کے شہریوں کے لیے اپنے گھروں کو واپسی مشکل بنا دے گی۔

مزید لوڈ کریں

XS
SM
MD
LG