رسائی کے لنکس

امریکی اداکارہ لنڈسے لوھان کی اسلامی تعلیمات میں دلچسپی


لنڈسے لوھان کو بروک لین میں کمیونٹی خدمات کی انجام دہی کے پہلے روز انگریزی ترجمے والا قرآن پاک کا ایک نسخہ تھامے ہوئے دیکھا گیا۔

ہالی وڈ کی معروف اداکارہ لنڈسے لوھان نیویارک میں قرآن پاک کا ایک نسخہ تھامے ہوئے منظر عام پر آئی ہیں، جس سے ان کی اسلام کے مطالعے میں دلچسپی ظاہر ہورہی ہے۔

لیکن ساتھ ہی لنڈسے لوھان کے قبول اسلام سے متعلق قیاس آرائیاں بھی جنم لے رہی ہیں کہ آیا انہوں نے اسلام قبول کر لیا ہے یا پھر وہ قبول اسلام کا ارادہ رکھتی ہیں؟

روزنامہ 'ڈیلی میل' کے مطابق لنڈسے لوھان ان دنوں ایک عدالتی حکم کے مطابق بروک لین میں بچوں کے ایک مرکز ڈوفیلڈ چلڈرن سینٹر میں سماجی خدمات انجام دے رہی ہیں جہاں انھیں بدھ کو کمیونٹی خدمات کی انجام دہی کے پہلے روز انگریزی ترجمے والا قرآن پاک کا ایک نسخہ تھامے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 2012ء میں لنڈسے لوھان پر لاپرواہی سے ڈرائیونگ کرنے کا الزام تھا جس کی پاداش میں عدالت نے انھیں 125 گھنٹوں کی سماجی خدمات کی انجام دہی کی سزا سنائی گئی تھی جس کو پورا کرنے کے لیے یہ آخری مہینہ ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لنڈسے نے اس سال کے اوائل میں انسٹا گرام پر قرآن کریم کی چند آیات بھی پوسٹ کی تھیں جو بعد ازاں ہٹا لی گئی تھیں۔

علاوہ ازیں حال ہی میں انھوں نے انسٹا گرام پر ایک عربی متن کا غلط انگریزی ترجمہ کیا تھا اور بعد میں اپنی تصحیح کرتے ہوئے لنڈسے نے لکھا کہ وہ عربی زبان سیکھنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

اٹھائیس سالہ لنڈسے امریکی ٹی وی کی معروف شخصیت اوپرا ونفرے کے ساتھ 2014ء میں ایک دستاویزی سیریز فلم کے لیے بچوں کے اسی مرکز میں سماجی خدمات انجام دے چکی ہیں۔

اس فلم میں انھوں نے اوپرا ونفرے کو بتایا تھا کہ وہ اپنا رجحان روحانیت کی طرف محسوس کرتی ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ وہ روحانیت سے اور بھی زیادہ قریب ہوتی جارہی ہیں۔

لنڈسے آئرش اور اطالوی پسِ منظر کی حامل ہیں اور ان کی تعلیم وتربیت کیتھولک ماحول میں ہوئی ہے۔ لیکن وہ یہودیت اور بدھ مت میں بھی دلچسپی لیتی رہی ہیں۔

لنڈسے کو ماضی میں علامتی سرخ تار کا کڑا پہنے ہوئے بھی دیکھا گیا ہے، جسے نظر بد سے بچنے کے لیے یہودیوں میں پہنا جاتا ہے۔

برطانوی اخبار 'انڈیپینڈنٹ' کے مطابق قرآن پاک کے مطالعے اور عربی زبان سے ان کی دلچسپی کو قبول اسلام کی دلیل نہیں کہا جاسکتا کیونکہ ظاہری طور پر ایسا نہیں لگتا کہ انھوں نے قبول اسلام کر لیا ہے۔

لنڈسے لوھان کے ترجمان نے روزنامہ 'انڈیپینڈنٹ' کو بتایا ہے کہ "میرے علم کے مطابق وہ مکمل طور پر قبول اسلام پر غور نہیں کر رہی ہیں لیکن مجھے پتہ ہے کہ وہ بہت عرصے سے عربی ثقافت میں دلچسپی لے رہی ہیں۔"

ترجمان کا کہنا تھا کہ لنڈسے کا اگلا منصوبہ مشرق وسطی سے متعلق ہے اور وہ عربی زبان سیکھنے کا بہت شوق رکھتی ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ اس سال کے اوائل میں لنڈسے نے کافی وقت دبئی میں گزارا ہے اور وہ وہاں کے لوگوں کے طرز زندگی سے بہت متاثر ہوئی ہیں۔

یاد رہے کہ اداکارہ کو ماضی میں اپنی شراب نوشی کی لت اور منشیات سے متعلق مقدمات کا سامنا کرنا پڑا ہے جبکہ وہ لاس اینجلس میں نشے کی حالت میں ڈرائیونگ کرتے ہوئے بھی پکڑی جاچکی ہیں جس پر انھیں عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر 90 روز جیل کاٹنا پڑی تھی۔

شراب نوشی اور منشیات کے استعمال کے علاج کے لیے انہیں 90 روز تک خصوصی پروگرام میں شرکت کرنے کی سزا بھی سنائی گئی تھی۔

XS
SM
MD
LG