رسائی کے لنکس

لیبیا: امریکہ اور نیٹو عالمی برادری کے ساتھ مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے


لیبیا: امریکہ اور نیٹو عالمی برادری کے ساتھ مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے
لیبیا: امریکہ اور نیٹو عالمی برادری کے ساتھ مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے

امریکہ کے اقدامات سے لیبیا میں ہونے والے قتلِ عام کی روک تھام ممکن ہوئی۔امریکہ کو نیٹو اور یورپی اتحادی ممالک کے ساتھ مل کر لیبیائی عوام کے تحفظ کے لیے مشترکہ اقدامات اٹھانے پر فخر ہے: ہلری کلنٹن

امریکی وزیر خارجہ ہلری کلنٹن نے معمر قذافی سے فوری اقتدار چھوڑنے کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا ہے کہ نیٹو کی جانب سے لیبیا کے خلاف کارروائیاں تب تک جاری رہیں گی جب تک لیبیائی رہنما سکیورٹی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرتے رہیں گے۔

لندن میں لیبیا کی صورتِ حال پر ہونے والی عالمی رہنماؤں کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہلری کلنٹن نے کہا کہ امریکہ اور نیٹو لیبیائی عوام کے تحفظ کے لیے عالمی برادری کے ساتھ مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔

اُنھوں نے کہا کہ امریکہ کے اقدامات سے لیبیا میں ہونے والے قتلِ عام کی روک تھام ممکن ہوئی۔امریکہ کو نیٹو اور یورپی اتحادی ممالک کے ساتھ مل کر لیبیائی عوام کے تحفظ کے لیے مشترکہ اقدامات اٹھانے پر فخر ہے۔

اب تک کی گئی کوششوں سے یہ ظاہر ہے کہ امریکہ لیبیائی عوام کے تحفظ اور اُنھیں اُن کی مرضی کے مطابق سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کا اختیار دلانے میں سنجیدہ ہے۔

لندن کانفرنس سے برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے خطاب کرتے ہوئے معمر قذافی پر سلامتی کونسل کی قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزی کا الزام لگاتے ہوئے اُن سے فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔

ڈیوڈ کیمرون کے مطابق معمر قذافی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزی جاری رکھے ہوئے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اُن کے خلاف کیے جانے والے اقدامات کو لیبیائی عوام اور عرب ممالک کی پوری حمایت حاصل ہے۔

بعد ازاں، لندن کانفرنس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے برطانوی وزیرِ خارجہ ولیم ہیگ نے کہا کہ عالمی برادری معمر قذافی سے جلد از جلد اقتدار چھوڑنے کے مطالبے پر متفق ہے۔

اُنھوں نے کہا کہ لندن کانفرنس میں لیبیا کے سیاسی مستقبل کے تعین کے لیے نیٹو اور خطے کے اتحادی ممالک پر مشتمل ایک کانٹیکٹ گروپ تشکیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مشترکہ اعلامیے کے دیگر نکات میں معمر قذافی سے جلد از جلد جنگ بندی کا مطالبہ ، 80000بے گھر لیبیائی عوام کی فوری امداد، اقوامِ متحدہ کے ذریعے لیبیا کے خلاف مزید سخت پابندیاں عائد کرنے اور لیبیائی عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کی جدوجہد میں عالمی برادری کے بھرپور تعاون کا یقین دلایا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG