رسائی کے لنکس

جرمنی کی لیبیائی باغیوں کو قرضوں کی پیش کش


جرمنی کی لیبیائی باغیوں کو قرضوں کی پیش کش
جرمنی کی لیبیائی باغیوں کو قرضوں کی پیش کش

جرمنی نےانسانی فلاح و بہبود کی ضروریات اور تعمیر نوکے کام میں مدد کی غرض سے لیبیائی باغیوں کی لیڈرشپ کونسل کو 14کروڑ ڈالر قرضے کی پیش کش کی ہے۔

جرمنی کے وزیرِ خارجہ گائڈو ویسٹرویل نے اتوار کے روز کہا کہ اُن کا ملک قرضے کی یہ پیش کش اِس لیے کر رہا ہے کیونکہ لیبیا کے رہنما معمر قذافی کے منجمد اثاثے اِس وقت باغیوں کو نہیں دئیے جا سکتے۔ اُنھوں نے کہا کہ اِن قرضوں کی بدولت مخالف کونسل اِس قابل ہو گی کہ وہ رسد کی کمی کے مسئلے پرقابو پانے کے ضروری اقدامات لے سکے۔

یہ پیش کش اِسی ماہ ترکی میں ہونے والے اجلاس کے نتیجےمیں کی گئی ہے، جہاں 30سے زائد ملکوں نے باغیوں کی عبوری قومی کونسل کے لیے اپنی حمایت کا اعلان کیا تھا۔

دریں اثنا، نیٹو نے لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں مزید فضائی حملے کیے ہیں۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اتوار کی صبح معمر قذافی کی ایک رہائش گاہ کے قریب کم از کم ایک عدددھماکہ ہوا۔لیبیا کے سرکاری ٹیلی ویژن نے بھی دارالحکومت میں فضائی حملوں کی خبر نشر کی، تاہم، کوئی تفصیل نہیں بتائی گئی۔ ہلاکتوں کے بارے میں بھی کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔

نیٹو نے کہا ہے کہ اُس کے طیاروں نے ہفتے کے روز طرابلس، بریگہ، الخوم اور دیگر قصبوں میں لیبیا کے فوجی مقامات کو نشانہ بناتے ہوئے کارروائی کی۔

XS
SM
MD
LG