رسائی کے لنکس

لیبیائی تارکینِ وطن کی کشتی سے 25 لاشیں برآمد


لیبیائی تارکینِ وطن کی کشتی سے 25 لاشیں برآمد
لیبیائی تارکینِ وطن کی کشتی سے 25 لاشیں برآمد

اٹلی کے ساحلی محافظوں نے لیبیا کے تارکینِ وطن کو اطالوی جزیرے لمپے ڈوسا لے جانے والی ایک کشتی سے 25 لاشیں برآمد کرلی ہیں۔

کشتی کے زندہ بچ جانے والے مسافروں نے حکام کو بتایا ہے کہ کشتی پر 300 افراد سوار تھے جو گنجائش سے کہیں زیادہ تھے۔ مسافروں کے بقول کشتی نے تین دن قبل لیبیا سے اپنے سفر کاآغاز کیا تھا۔

حکام کو کشتی سے پیر کو اس وقت مدد کی اپیل موصول ہوئی تھی جب وہ لمپے ڈوسا سے 56 کلومیٹر جنوب میں کھلے سمندر میں موجود تھی۔

حکام کے مطابق تمام ہلاک شدگان نوجوان ہیں جن کی لاشیں کشتی کے انجن روم سے برآمد ہوئی ہیں۔ کشتی پر سوار دیگر تمام تارکینِ وطن کو ، جن کی اکثریت کا تعلق سب صحارن افریقی ممالک سے بتایا جاتا ہے، باحفاظت ساحل پر پہنچا دیا گیا ہے۔

حکام کے بقول کشتی پر ہونے والی ہلاکتوں کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور ابتدائی رپورٹس میں کہا گیاہے کہ تمام نوجوان دم گھٹنے سے ہلاک ہوئے۔

لیبیا میں جاری سیاسی کشیدگی اور شمالی افریقہ کے دیگر ممالک کے حالات سے فرار ہونے والے سینکڑوں تارکینِ وطن حالیہ مہینوں میں خستہ حال کشتیوں پر سوار ہوکر اس دشوار سفر کو طے کرنے کی کوششوں کے دوران اپنی جانوں سے ہاتھ دھوچکے ہیں۔

تاہم لمپے ڈوسا کے اطالوی جزیرے پر ایسے دیگر ہزاروں تارکینِ وطن کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اٹلی کے انتہائی جنوب میں واقع یہ جزیرہ غیر قانونی تارکینِ وطن کے یورپی یونین میں داخلے کا سب سے بڑا راستہ ہے۔

XS
SM
MD
LG