رسائی کے لنکس

لیبیا حکومت کے باغیوں پر فضائی حملے پر نیٹو کی معذرت


لیبیا حکومت کے باغیوں پر فضائی حملے پر نیٹو کی معذرت
لیبیا حکومت کے باغیوں پر فضائی حملے پر نیٹو کی معذرت

نیٹو نے یہ تسلیم کیا ہے کہ دو روز قبل انہوں نے حادثاتی طورپر لیبیا کے باغیوں پر فضائی حملہ کیا تھا۔

ہفتے کے روز الائنس نے کہا کہ نیٹو فورسز نے صدر قذافی کی وفادار فوج اور باغیوں کے درمیان لڑائی کے علاقے میں فوجی گاڑیوں کا ایک قافلہ دیکھ کر اس پر حملہ کیا۔ لیکن بعد میں پتا چلا کہ وہ حکومت مخالف باغیوں کی ایک گشتی پارٹی تھی۔ نیٹو نے حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد نہیں بتائی لیکن یہ کہاہے کہ وہ امکانی طورپر کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے پر معذ رت خواہ ہے۔

ادھر نیٹونے لیبیا حکومت کے ان دعوؤں کو توہین آمیز قرار دیا ہے کہ اتحادی جنگی طیارے شہری ٹھکانوں کو نشانہ بنارہے ہیں۔ ہفتے کے روز برسلز میں ایک نیوزکانفرنس کے دوران نیٹو کے ترجمان اونا لنگ سیکو نے کہا کہ یہ مسٹر قذافی اور ان کی افواج ہیں جو اپنے شہریوں پر منظم انداز میں بے رحمانہ حملے کررہی ہیں۔

جمعے کے ر وز مسٹر قذافی نے اپنے تندوتیز صوتی پیغام میں کہا وہ نیٹو فورسز کو شکست دے کر ہی دم لیں گے۔

لیبیا کے سرکاری ٹیلی ویژن نے کہاہے کہ ہفتے کے روز اتحادی طیاروں نے دارالحکومت کے ایک مضافاتی علاقے کو نشانہ بنایا۔

ایک اور خبر کے مطابق ہفتے کے روز آسٹریلیا نے کہا ہے کہ وہ لیبیا کے عوام کی قانونی نمائندہ تنظیم کے طورپر حزب مخالف کی عبوری قومی کونسل کو تسلیم کرلے گا۔

اس اعلان کے بعد آسٹریلیا ان عالمی طاقتوں میں شامل ہونے والا تازہ ترین ملک ہے جوباغیوں کی عبوری قومی کونسل کو لیبیا کے عوام کا جائز قانونی نمائندہ تسلیم کرنے کا ارادہ ظاہر کرچکے ہیں۔ دیگر ممالک میں اٹلی، فرانس اور قطر شامل ہیں۔

ایک اور خبر کے مطابق لیبیا کے صدر قذافی کی وفادار فورسز اور باغیوں کے درمیان شمال مغربی شہر نالوت میں دوبارہ لڑائی چھڑ گئی ہے۔ باغی جنگجوؤں کا کہناہے کہ ان جھڑپوں میں کم ازکم آٹھ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

ادھر لیبیا کے بحران کے حل کی کوششیں جاری ہیں۔

یورپی یونین، افریقی یونین اور اقوام متحدہ کےنمائندے ہفتے کے روز قاہرہ میں عرب لیگ کے ہیڈ کوارٹرز میں اکھٹے ہوئے اور ان پالیسیوں پر بات چیت کی جن سے لیبیا کے تنازع کے حل، شہریوں کی حفاظت اور انہیں امداد پہنچانے میں مدد مل سکے۔

XS
SM
MD
LG