رسائی کے لنکس

امریکہ ’بلیک میل‘ کرنے کی کوشش کر رہا ہے: روسی وزیرِ خارجہ


روسی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے روسی وزیر ِ خارجہ نے امریکہ پر ’بلیک میلنگ‘ کا الزام عائد کیا اور کہا کہ امریکہ، شام سے کیمیکل ہتھیار تلف کرنے کے مشترکہ مقصد پر توجہ دینے کی بجائے اپنی ’برتری‘ ثابت کرنا چاہتا ہے۔

روس کی جانب سے امریکہ پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ امریکہ، روس کو ’بلیک میل‘ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

روسی وزیر ِ خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکہ چاہتا ہے کہ اگر شام کیمیاوی ہتھیار ختم کرنے کے وعدے کی پاسداری نہیں کرتا تو روس اقوام ِ متحدہ کی سیکورٹی کونسل میں شام کے خلاف طاقت استعمال کرنے سے متعلق قرارداد کی حمایت کرے۔

امریکہ اور اس کے اتحادی اقوام ِ متحدہ کی سیکورٹی کونسل پر دباؤ ڈالتے رہے ہیں کہ وہ اقوام ِ متحدہ کے منشور کی شق 7 کے تحت شام کے مسئلے پر ایک قرار داد منظور کرے جس سے شام پر فوجی کارروائی کی منظوری مل سکے گی۔

روس کے وزیر ِ خارجہ سرگئی لاوروف کا اتوار کے روز کہنا تھا کہ امریکی عہدیداروں نے انہیں بتایا کہ اگر روس نے اقوام ِ متحدہ کے چارٹر کے تحت قرارداد منظور کرنے پر حامی نہ بھری تو امریکہ، کیمیکل ہتھیاروں کی روک تھام سے متعلق تنظیم پر شام کے ذخائر ختم کرنے کی راہ میں رکاوٹ ڈالے گا۔

روسی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے روسی وزیر ِ خارجہ نے امریکہ پر ’بلیک میلنگ‘ کا الزام عائد کیا اور کہا کہ امریکہ، شام سے کیمیکل ہتھیار تلف کرنے کے مشترکہ مقصد پر توجہ دینے کی بجائے اپنی ’برتری‘ ثابت کرنا چاہتا ہے۔

امریکی محکمہ ِ خارجہ کے ایک عہدیدار نے وائس آف امریکہ کے لیے ایک بیان میں کہا کہ امریکی سفارتکار اقوام ِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کا مسودہ تیار کر رہے ہیں جس میں نفاذ کے لیے ممکنہ مضبوط ترین طریق ِ کار وضع کیا جا سکے۔ عہدے دار نے کہا کہ واشنگٹن اس مسودے کی تفصیل واضح کرنے سے گریز کرے گا۔
XS
SM
MD
LG