رسائی کے لنکس

حلقہ این اے 120 میں انتخابی میدان 17 ستمبر کو سجے گا


قومی اسمبلی کی اس نشست پر مسلم لیگ ن، تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی سمیت 44 امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں؛ جس میں ہر طرف بینرز کی بھرمار نظر آتی ہے

لاہور تھری کے حلقہ این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں ایک دن رہ گیا ہے۔ حلقے میں انتخابی مہم 15 ستمبر کو رات بارہ بجے ختم ہوگئی تھی۔ یہ نشست نواز شریف کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھی۔

قومی اسمبلی کی اس نشست پر مسلم لیگ ن، تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی سمیت 44 امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن کی امیدوار سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز ہیں جو علالت کے باعث لندن میں زیر علاج ہیں اور انتخابی مہم ان کی صاحبزادی مریم نواز چلا رہی ہیں۔

مریم نواز نے اپنی انتخابی مہم کے دوران خواتین ووٹروں پر خصوصی توجہ مرکوز کر رکھی تھی جس کے لیے انہوں نے 10 سے زائد خواتین ورکرز سے خطاب کیا اور اپنی والدہ کے لیے ووٹ مانگنے کے لیے انہیں قائل کیا۔ مریم نواز نے حلقہ میں پندرہ سے زائد کارنر میٹنگ کیں اور ریلیاں نکالیں۔

ان کے مدِ مقابل پاکستان تحریک انصاف کی امیدوار یاسمین راشد نے بھی بھرپور طریقے سے انتخابی مہم چلائی۔ انہوں نے گھر گھر جا کر ووٹ مانگنے کے لیے اپنی انتخابی مہم کو سرفہرست رکھا۔ یاسمین راشد کا ساتھ چئیرمین پی ٹی آئی نے بھی خوب دیا۔ ووٹروں کو یاسمین راشد کے لیے قائل کرنے کے لیے عمران خان نے حلقہ این اے 120 سے ملحقہ حلقہ این اے 122 کے علاقے مزنگ میں جلسہ کیا اور مال روڈ پر چیئرنگ کراس سے داتا دربار تک ریلی نکالی۔

این اے 120 میں ہر طرف بینرز کی بھرمار نظر آتی ہے۔ ضمنی انتخاب میں پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرینز اور جماعت اسلامی سمیت 44 امیدوار میدان میں ہیں۔ لیکن اصل مقابلہ مسلم لیگ نون کی کلثوم نواز اور تحریک انصاف کی امیدوار یاسمین راشد کے درمیان متوقع ہے۔

حلقے میں ووٹرز کی تعداد تین لاکھ اکیس ہزار سات سو چھیاسی ہے۔ سترہ ستمبر کو ہونے والی پولنگ کے لئے 220 پولنگ سٹیشن بنائے گئے ہیں جن میں مردوں کے لیے 103اور خواتین کے لیے 98پولنگ سٹیشن شامل ہیں؛ جب کہ 19 پولنگ سٹیشن مخلوط ہیں۔

الیشکن کمیشن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حلقے کے 39 پولنگ اسٹیشنوں پر بایو میٹرک مشینوں کے تجربے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

ووٹر صبح آٹھ بجے سے پانچ بجے تک ووٹ دے سکیں گے۔

ضمنی انتخاب کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے فوج اور رینجرز تعینات کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے جس کے لیے فوجی جوان سولہ ستمبر سے ہی اپنی ڈیوٹیوں پر پہنچیں گے اور رات بھر پولنگ اسٹیشن پر ہی موجود رہیں گے۔ 2013 کے عام انتخابات میں اسی حلقہ سے نواز شریف نے

اکانوے ہزار چھ سو چھیاسٹھ ووٹ لے کر نشست جیتی تھی؛ جب کہ تحریک

انصاف کی یاسمین راشد باون ہزار تین سو اکیس ووٹ لے کر دوسرے نمبر آئی

تھیں۔

XS
SM
MD
LG