رسائی کے لنکس

بلوچستان: تخریب کاری کی کو شش ناکام، اسلحہ برآمد کر لیا گیا


آئی ایس پی آر کے بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ گرفتار دہشت گرد ہفتے کے روز مچھ میں ریلوے ٹریک پر 'آئی اِی ڈی' نصب کرنے میں بھی ملوث تھے۔ گرفتار افراد کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے

بلوچستان میں تخریب کاری کی تازہ کوشش ناکام بناتے ہوئے، سکیورٹی اہل کاروں نے ضلع کوہلو سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرکے آٹھ عسکریت پسندوں کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ بعض خفیہ اداروں کی ضلع کوہلو کے علاقے سوری کور میں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات پر علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا۔ اس دوران، ایک ٹھکانے پر چھاپہ مار کر کالعدم تنظیم کے 8 کارندے گرفتار کر لئے گئے، جن کے قبضے سے 3 ایس ایم جیز, 5 رائفلز, 18 میگزین اور ہزاروں رائونڈ برآمد کر لئے گئے۔

آئی ایس پی آر کے بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ گرفتار دہشت گرد ہفتے کے روز مچھ میں ریلوے ٹریک پر 'آئی ای ڈی' نصب کرنے میں بھی ملوث تھے۔ گرفتار افراد کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

قدرتی وسائل سے مالا مال اس جنوب مغربی صوبہ بلوچستان میں بعض کالعدم عسکری تنظیمیں مختلف علاقوں میں قومی تنصیبات، سیکورٹی اداروں کے اہلکاروں، ریلوے کی لائنوں اور سوئی گیس کی پائپ لائنوں کو دیسی ساختہ بموں سے نشانہ بناتے ہیں، جس سے اکثر اوقات جانی نقصانات کے ساتھ بڑے پیمانے پر مالی نقصان بھی ہوتا ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناءاللہ زہری نے سیکورٹی اداروں کی کارکردگی کو سراہا ہے اور کہا ہے کہ ریاست کے خلاف برسر پیکار عناصر کے ساتھ صرف ریاست پاکستان کی عملداری تسلیم کرنے پر ہی مذکرات کئے جائیں گے۔

XS
SM
MD
LG