رسائی کے لنکس

کم جونگ ان کی مشتبہ جوہری ہتھیار کے ساتھ تصاویر جاری


پیانگ یانگ اس سے قبل یہ کہہ چکا ہے کہ اس کے جوہری ہتھیار اتنے چھوٹے ہیں کہ وہ باآسانی طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کے ذریعے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ تاہم ماہرین اس دعوے سے متعلق شبہات کا اظہار کرتے ہیں۔

شمالی کوریا کی حکمرانی جماعت کے اخبار نے بدھ کو اپنے صفحہ اول پر اپنے رہنما کم جونگ اُن کی تصاویر شائع کی ہیں جن میں وہ مبینہ طور پر چھوٹے جوہری ہتھیار کے ساتھ کھڑے ہیں۔

اخبار "روڈونگ سنمُن" کا کہنا ہے کہ کم نے اپنے جوہری سائنسدانوں سے ملاقات کی جس میں انھیں جوہری پروگرام سے متعلق آگاہی فراہم کی گئی۔ اخبار کے مطابق کم نے بے حد مسرت کا اظہار کیا کہ جوہری ہتھیاروں کو چھوٹا کر کے انھیں بیلسٹک میزائل کے ذریعے استعمال کرنے کے قابل بنایا گیا ہے۔

شائع شدہ تصاویر میں کم اور سائنسدانوں کو جس چیز کے ساتھ کھڑے دکھایا گیا ہے وہ مبصرین کے بقول بظاہر چھوٹے جوہری ہتھیاروں کا نمونہ ہے۔

جنوبی کوریا کی وزارت دفاع نے بدھ کو کہا کہ وہ ان تصاویر میں نظر آنے والی اشیا کا جائزہ لے رہی ہے۔

پیانگ یانگ اس سے قبل یہ کہہ چکا ہے کہ اس کے جوہری ہتھیار اتنے چھوٹے ہیں کہ وہ باآسانی طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل کے ذریعے استعمال کیے جا سکتے ہیں۔ تاہم ماہرین اس دعوے سے متعلق شبہات کا اظہار کرتے ہیں۔

یہ پہلا موقع ہے کہ شمالی کوریا نے کھلے عام اپنے جوہری ہتھیار کے نمونہ پیش کیا ہے لیکن تاحال یہ واضح نہیں کہ آیا یہ ہتھیار کارآمد بھی ہیں یا نہیں یا وہ صرف ایسے ہتھیار بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔

شمالی کوریا نے رواں ہفتے ہی یہ دھمکی دی تھی کہ وہ جوہری حملے میں پہل کر سکتا ہے۔ اس کی یہ دھمکی جنوبی کوریا اور امریکہ کی مشترکہ فوجی مشقوں پر ردعمل ہے طور پر سامنے آئی ہے۔

پیانگ یانگ ان مشقوں پر خود پر حملے کی تیاری تصور کرتا ہے جب کہ امریکہ اور جنوبی کوریا کے مطابق یہ دفاعی نوعیت کی معمول کی مشقیں ہیں۔

XS
SM
MD
LG