رسائی کے لنکس

خطبۂ حج: 'مسلمانوں کو چاہیے محبت عام کریں'


شیخ ڈاکٹر یوسف بن محمد نے مسجد نمرہ میں خطبۂ حج دیتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ کا خوف اختیار کرنے میں دنیا اور آخرت کی فلاح ہے۔ اس خطبے میں ان کا مزید کیا کہنا تھا یہاں اس کو نکات کی صورت میں دیا جا رہا ہے۔

  • جسے اللہ ہدایت دینا چاہے اسے وہ ہدایت عطا کرتے ہیں اور جسے وہ چاہے ہدایت نہیں دیتے۔
  • دنیا اور آخرت کے معاملات میں اللہ کے حکم کو پورا کرنے کا حکم ہے۔
  • قرآن میں حکم ہے کہ صرف اللہ کی عبادت کی جائے اور کسی اور کی عبادت نہ کی جائے۔ کوئی اللہ کے سوا معبود نہیں ہے۔
  • توحید کی دعوت تمام انبیا کی مشترکہ دعوت ہے۔
  • جس کے پاس استطاعت ہے اس کے لیے اللہ کے گھر کی زیارت کرنا واجب ہے۔
  • اللہ نے تفرقہ ڈالنے سے منع فرمایا ہے۔
  • حجتہ الوداع پر پیغمبر محمد نے واضح کر دیا تھا کہ کسی کو کسی پر فضلیت حاصل نہیں ہے۔
  • قرآن میں اللہ نے کہا ہے کہ اس نے انسانوں میں زبان اور رنگ کا فرق رکھا ہے جس کی وجہ صرف یہ ہے کہ وہ ایک دوسرے کو پہچان سکیں۔
  • اللہ نے اس کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رکھنے کا حکم دیا ہے اور تفرقے سے منع فرمایا ہے۔
  • مسلمانوں کو چاہیے کہ محبت کو عام کریں اور اسی کا حکم اللہ نے بھی دیا ہے، مسلمانوں کا آپس میں جڑے رہنا ضروری ہے۔
  • اللہ نے قرآن میں بار بار حکم دیا ہے کہ مسلمانوں میں تفریق نہیں ہونی چاہیے۔
  • مسلمانوں کو حکم دیا گیاہے کہ اگر آپس میں اختلاف ہو جائے تو اس کے خاتمے کے لیے قرآن و سنت سے رجوع کیا جائے۔
  • اچھے اخلاق سے دوسروں کے دل میں مقام پیدا ہو جاتا ہے۔ مسلمانوں کے اخلاق اچھے ہونے چاہیئں۔
  • یتیموں، مسکینوں، مسافروں اور اللہ کی راہ کے مجاہدین کی مدد کی جائے اور ان سے احسان کیا جائے۔ اللہ نے بھلائی کرنے کا حکم دیا ہے۔
  • وہ لوگ جو اسراف کرتے ہیں اور بے جا خرچ کرتے ہیں ان کو شیطان کا بھائی کہا گیا ہے۔ اس لیے اصراف سے بچنا چاہیے۔
  • راہِ حق میں بخل نہیں کرنا چاہیے کیوں کہ اس سے اپنا ہی نقصان ہوگا۔
  • گناہ کے کام نہ کرنے اور تقویٰ اختیار کرنے اور باطل سے دور رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔
  • مسلمانوں کو والدین کے ساتھ احسان کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
  • مشرق سے لے کر مغرب تک یہ امت ایک ہے۔
  • دین کی تعلیمات مسلمانوں کو ایک دوسرے سے جوڑ کر رکھتی ہیں۔
  • مل کر رہنے میں رحمت اور الگ الگ رہنے میں زحمت ہے۔
  • سب سے اچھا آدمی وہ ہے جو دوسروں کے لیے آسانیاں پیدا کرتا ہے کیوں کہ اللہ نے بھی انسانوں کے لیے آسانیاں پیدا کی ہیں۔

خطبے کے بعد مسجد نمرہ یعنی میدانِ عرفات میں ظہر اور عصر کی نماز ادا کی گئی۔ مغرب کے بعد حجاج نے مزدلفہ روانہ ہونا ہے۔

XS
SM
MD
LG