رسائی کے لنکس

کینیا: الشباب سے تعلق کے شبے میں دو ڈاکٹر گرفتار


کینیا: الشباب سے تعلق کے شبے میں دو ڈاکٹر گرفتار
کینیا: الشباب سے تعلق کے شبے میں دو ڈاکٹر گرفتار

کینیا کی پولیس نےصومالیہ کی شورش پسند تنظیم الشاب سے تعلق کے شبے میں دو ڈاکٹروں کو گرفتار کیا ہے جب کہ کینیا کی فوج سرحد پارجنوبی صومالیہ میں الشباب کے عسکریت پسندوں کے خلاف اپنی کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے۔

پولیس نے جمعے کے روز کہا ہے کہ کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں دو ڈاکٹروں کو حراست میں لیا گیا ہے جنہیں دہشت گردی سے منسلک الزامات پر عدالت میں پیش کیا جارہاہے۔

جنوبی صومالیہ میں القاعدہ سے منسلک تنظیم الشباب کے خلاف کینیا زمینی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ فضائی حملے بھی کررہاہے۔ فوج کے عہدے داروں کا کہناہے کہ انہوں نے صومالیہ کے ساحلی شہر راس کمبونی کا کنٹرول حاصل کرلیا ہے اور وہ الشباب کے ایک اہم مرکز کسمائیو کے قریب پہنچ رہے ہیں۔

کینیا اپنے علاقے میں غیر ملکی سیاحوں کے اغوا کا الزام الشباب پر عائد کرتی ہے۔ الشباب اس الزام سے انکار کرچکی ہے۔

ایک اور خبر کے مطابق صومالیہ کے دارالحکومت موگادیشو میں بظاہر ایسا دکھائی دیتا ہے کہ افریقی یونین کے فوجی دستوں کے ساتھ جھڑپوں کے بعد الشباب نے ضلع دانیل کے زیادہ تر علاقوں پر دوبارہ قبضہ کرلیا ہے۔

الشباب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے جنگجوؤں نے لڑائی میں افریقی یونین کے70 سے زیادہ فوجیوں کو ہلاک کردیا ہے۔ لیکن وائس آف امریکہ کی صومالی سروس کے ساتھ جمعے کے روز ایک انٹرویو میں افریقی یونین کے ترجمان نے اس دعوے کو پراپیگنڈہ قرار دیا۔

لیفٹیننٹ کرنل پیدی انکوندا نے الشباب پر الزام لگایا کہ وہ اپنے ہلاک ہونے والے جنگجوؤں کو افریقی یونین کے فوجیوں کی وردی پہنا کر پیش کررہے ہیں۔ انکوندا نے کہا کہ افریقی یونین کے چھ فوجی ہلاک جب کہ دو لاپتا ہیں۔

XS
SM
MD
LG