رسائی کے لنکس

افضل گورو کی پھانسی پر پاکستانی کشمیر میں سوگ کا اعلان


پاکستان کے چند شہروں میں مختلف تنظیموں کی طرف سے افضل گورو کی پھانسی پر چند مظاہرے دیکھنے میں آئے۔
پاکستان کے چند شہروں میں مختلف تنظیموں کی طرف سے افضل گورو کی پھانسی پر چند مظاہرے دیکھنے میں آئے۔

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے وزیراعظم نے آزادی پسند تنظیموں اور حریت کانفرنس کی طرف سے ہڑتال کے اعلان کی حمایت کرتے ہوئے اپنے ہاں پرچم سرنگوں رکھنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

بھارت کی پارلیمان پر دہشت گردانہ حملے کے الزام میں افضل گورو کو پھانسی دیے جانے کے بعد پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں بھی شدید رد عمل کا اظہار کیا گیا ہے۔

افضل گورو کا تعلق بھارت کے زیر انتظام کشمیر کے علاقے سو پور سے تھا اور اسے 13 دسمبر 2001ء میں نئی دہلی میں پارلیمان پر حملے کے الزام میں گرفتار کرنے کے بعد سنائی گئی سزائے موت پر 2006ء میں اس لیے عمل درآمد نہ ہو سکا تھا کیونکہ افضل گورو
کی اہلیہ نے صدر سے رحم کی اپیل کررکھی تھی۔

بھارتی صدر پرنب مکھرجی کی طرف سے اپیل مسترد کیے جانے کے بعد ہفتہ کو علی الصبح افضل گورو کو دہلی کی تہار جیل میں پھانسی دے دی گئی۔

پھانسی کی خبر پر پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے وزیراعظم چودھری عبدالمجید نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے بھارت پر شدید تنقید کی ہے۔

ایک سرکاری بیان میں انھوں نے کہا کہ بھارتی کشمیر میں آزادی پسند تنظیموں اور حریت کانفرنس کی طرف سے ہڑتال کا اعلان کیا گیا اور ان کی حکومت نے بھی اس کی حمایت کی ہے اس لیے پاکستانی کشمیر حکومت کا پرچم سرنگوں رہے گا۔

اپنے بیان میں چودھری عبدالمجید نے پاکستانی کشمیر کے وزیراعظم نے اقوام متحدہ اور بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ عالمی ادارے کی قراردادوں کے مطابق کشمیر عوام کے استصواب رائے کے حق کو یقینی بنائے۔

1947 میں پاکستان اور بھارت کے معرض وجود میں آنے کے بعد ہی سے کشمیر کا علاقہ دونوں ملکوں کے درمیان تنازعے اور ہمسایہ ایٹمی قوتوں کے مابین کشیدگی کی سب سے بڑی وجہ ہے۔

اُدھر افضل گورو کی پھانسی پر پاکستانی حکومت کی طرف سے سرکاری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا تاہم ہفتہ کو اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ رحمن کا کہنا تھا کہ یہ بھارت کی عدالت کا فیصلہ تھا جس پر وہ کوئی تبصرہ نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا ملک بھارت کے ساتھ برابری کی سطح پر اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔

پاکستان کے بھی چند شہروں میں مختلف تنظیموں کی طرف سے افضل گورو کی پھانسی پر چند مظاہرے دیکھنے میں آئے۔
XS
SM
MD
LG