رسائی کے لنکس

کشمیری مہاجرین کے لیے کراچی کی دو نشستوں پر انتخابات 20جولائی کو کرانے کا اعلان


گزشتہ انتخابات میں کراچی کے ان حلقوں میں ایم کیو ایم نے کامیابی حاصل کی تھی
گزشتہ انتخابات میں کراچی کے ان حلقوں میں ایم کیو ایم نے کامیابی حاصل کی تھی

متحدہ قومی موومنٹ نے کشمیر ی مہاجرین کے لیے کراچی میں دو نشستوں پر انتخابات ملتوی کیے جانے کے خلاف مظفرآباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر رکھی تھی جس کی سماعت کے بعد عدالت کے حکم پر پیر کو الیکشن کمیشن نے کراچی کی ان نشستوں پر پولنگ 20جولائی کو کرانے کا اعلان کیا ہے ۔

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں انتخابات کے دوران کشمیر کے الیکشن کمیشن نے تین حلقوں میں امن و امان کی خراب صورت حال کے تناظر میں انتخابات ملتوی کر دیے تھے ۔ان میں کراچی کے دو حلقے ایل اے ۔30اور ایل اے ۔36بھی شامل تھے جن پر گذشتہ انتخابات میں ایم کیو ایم کے اُمیدوار کامیاب ہوئے تھے ۔

ایم کیو ایم نے اس فیصلے کو سیاسی قرار دے کر مسترد کرتے ہوئے انتخابات کا مکمل بائیکاٹ کر دیا تھا ۔ بعد میں یہی وجہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان اختلافات میں شدت کا سبب بنی اور متحدہ قومی موومنٹ حکومت سے علیحدہ ہو گئی جب کہ سندھ میں ان کی جماعت کے گورنربھی اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ۔تاہم پیپلز پارٹی کے رہنما ایم کیو ایم کے لگائے گئے ان الزامات کی تردید کرتے ہیں۔

متحدہ قومی موومنٹ نے کراچی کے امن و امان کو جواز بنا کر انتخابات ملتوی کرانے کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں بھی ایک درخواست دائر کر رکھی تھی تاہم پیر کو عدالت نے صوبائی حکومت کو ہدایت کی ہے کہ وہ انتخابات کے حوالے سے امن و امان کی جو رپورٹ تیار کرے تو پہلے تمام اُمیدواروں کو اعتماد میں لے۔

متحدہ قومی موومنٹ نے مظفرآباد نے ہائی کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی ہے کہ ان کی جماعت 20جولائی کو ہونے والے انتخابات میں حصہ لے کر بھار ی اکثریت سے کامیاب ہو گی ۔

XS
SM
MD
LG